دیپیکا پڈوکون کے مقابلے میں کرینہ کپور ’بہتر اداکارہ‘ ہیں: فلمساز امتیاز علی
معروف فلمساز امتیاز علی نے انکشاف کیا ہے کہ بالی ووڈ کی ڈمپل گرل دیپیکا پڈوکون کے مقابلے میں بیبو، کرینہ کپور ’بہتر اداکارہ‘ ہیں۔
حال ہی میں بھارتی معروف فلمساز امتیاز علی نے بالی ووڈ کی دو بڑی اداکاراؤں کے درمیان موازنہ کرتے ہوئے کرینہ کپور کو بہتر اداکارہ قرار دیا ہے۔
یاد رہے کہ امتیاز علی کا شمار بھارتی فلم انڈسٹری کے بہترین ہدایتکاروں میں ہوتا ہے، انہوں نے انڈسٹری کو فلم جب وی میٹ، لو آج کل، راک اسٹار، تماشا، ہائی وے جیسی متعدد سپر ہٹ فلمیں دی ہیں۔
آج کل امتیاز علی اپنی فلم ’امر سنگھ چمکیلا‘ کی ریلیز کے دن گن رہے ہیں جو 12 اپریل 2024ء کو نیٹ فلکس پر دستیاب ہوگی، اس فلم میں دلجیت سنگھ دوسانجھ اور پرینیتی چوپڑا اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔
اسی فلم کی تشہیر کے دوران ایک انٹرویو میں اُن سے پوچھا گیا کہ وہ بالی ووڈ کی دو باصلاحیت اداکاراؤں، کرینہ کپور اور دیپیکا پڈوکون میں سے ایک بہتر اداکارہ کا انتخاب کریں۔
اس سوال کے جواب میں امتیاز علی نے کہا کہ ایک مشکل سوال ہے، امتیاز علی کا کہنا تھا کہ مجھے اس کا جواب کرینہ کپور کے حق میں دینے دیں کیوں کہ میں نے کرینہ کپور کو ڈائریکٹ کیا ہوا ہے، میں اس کا ہدایتکار رہ چکا ہوں۔
یاد رہے کہ امتیاز علی نے کرینہ کے ساتھ 2007ء کی سپر ہٹ فلم جب وی میٹ میں کام کیا تھا، اگرچہ یہ فلم باکس آفس پر بلاک بسٹر ثابت نہیں ہوئی تھی مگر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس فلم نے ایک کلاسک فلم کا مقام حاصل کیا تھا۔
دوسری جانب امتیاز علی نے دیپیکا پڈوکون کے ساتھ فلم ’کاک ٹیل ‘ میں کام کیا تھا، اس فلم کے مرکزی کرداروں میں سیف علی خان اور ڈیانا پینٹی بھی تھیں۔
یہ فلم امتیاز علی نے لکھی تھی جبکہ اس کی ہدایت ہومی اداجانیا نے دی تھی، بدقسمتی سے ’کاک ٹیل‘ بھی شائقین کو کچھ خاص نہیں بھائی تھی۔
واضح رہے کہ فلم ’جب وی میٹ‘ کے بعد امتیاز علی اور کرینہ کپور نے ابھی تک کسی اور پروجیکٹ میں ایک ساتھ کام نہیں کیا ہے۔