’قانونِ پوتا” کے تحت 25 لاکھ سے زائد افراد کی شہریت درخواستیں، لاکھوں نئے ووٹرز شامل ہونے کا امکان
Screenshot
میڈرڈ/ اسپین کے Ley de Memoria Democrática کے تحت غیر ملکیوں کی جانب سے شہریت کے لیے درخواستوں کی تعداد 25 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے، جس کے باعث مستقبل میں ووٹرز کی تعداد میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ اس قانون کو عام طور پر “قانونِ پوتے” کہا جاتا ہے، جس کے ذریعے ہسپانوی خانہ جنگی اور فرانکو دور کے جلاوطن افراد کی اولاد کو شہریت حاصل کرنے کا موقع دیا گیا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر 25 لاکھ 60 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے اب تک 5 لاکھ 31 ہزار 297 منظور کی جا چکی ہیں، جبکہ صرف 7 ہزار 32 درخواستیں مسترد ہوئی ہیں۔ باقی کیسز تاحال زیرِ کارروائی ہیں۔ اس طرح اب تک نمٹائے گئے مقدمات میں تقریباً 98 فیصد درخواست گزاروں کو شہریت دی گئی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہی شرح برقرار رہی تو آخرکار 25 لاکھ سے زیادہ افراد ہسپانوی شہری بن سکتے ہیں۔ ان میں سے تقریباً 2 لاکھ 92 ہزار افراد رجسٹریشن مکمل کر چکے ہیں اور اگر وہ بالغ ہیں تو انہیں فوری طور پر ووٹ دینے کا حق حاصل ہو چکا ہے۔
یہ قانون اکتوبر 2025 میں بند کر دیا گیا تھا، تاہم اس سے پہلے دنیا بھر میں قائم 174 قونصل خانوں میں درخواستوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا۔ بعد ازاں اس عمل کو آسان بنانے کے لیے آن لائن نظام بھی متعارف کرایا گیا، جس کے ذریعے لاکھوں درخواستیں جمع ہوئیں۔

اعداد و شمار کے مطابق درخواستوں کی بھاری اکثریت لاطینی امریکہ سے آئی ہے، جن میں سرفہرست ارجنٹینا ہے۔ اس کے علاوہ کیوبا، میکسیکو، چلی اور یوراگوئے بھی نمایاں ممالک میں شامل ہیں۔ یورپ اور دیگر خطوں سے درخواستوں کی تعداد نسبتاً کم رہی۔
اگرچہ نظریاتی طور پر یہ نئے شہری انتخابی عمل پر اثر ڈال سکتے ہیں، تاہم ماہرین کے مطابق عملی طور پر ایسا ہونا فوری طور پر ممکن نہیں۔ اس کی ایک بڑی وجہ بیرونِ ملک مقیم ہسپانوی شہریوں کی کم ووٹنگ شرح ہے، جو 2023 کے انتخابات میں صرف 8 فیصد رہی۔ مزید یہ کہ بہت سے افراد کا مقصد صرف یورپی پاسپورٹ حاصل کرنا اور نقل و حرکت کی آزادی حاصل کرنا ہے، نہ کہ ہسپانوی سیاست میں حصہ لینا۔

اس کے باوجود مبصرین کا خیال ہے کہ مستقبل میں یہ نیا ووٹر بلاک مخصوص حلقوں میں انتخابی نتائج پر اثر انداز ہو سکتا ہے، خاص طور پر ایسے حالات میں جہاں سیاسی مقابلہ انتہائی قریب ہو۔