بارسلونا میں غیر معمولی ریگولرائزیشن عمل: 27 ہزار مہاجرین کی مدد، مزید سہولیات کا اعلان
Screenshot
بارسلونا کی بلدیہ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے غیر معمولی ریگولرائزیشن (قانونی حیثیت دینے) کے عمل کے تحت اب تک 27 ہزار افراد کی مدد کی ہے۔ یہ عمل ہسپانوی حکومت کی جانب سے شروع کیا گیا تھا، جس کے لیے 20 اپریل سے درخواستیں دینا شروع ہوئیں۔
6 مئی سے، بارسلونا کی انتظامیہ نے Fira de Barcelona Pavelló 2 میں ایک خصوصی مرکز قائم کیا تاکہ درخواست کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔ سوشل رائٹس کی نائب میئر راکیل گل کے مطابق، 18 مئی سے اس مرکز کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ معلومات، دستاویزات کی جانچ، ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ اور درخواست کے عمل میں مدد کی سہولیات بڑھائی جا سکیں۔
آنے والے دنوں میں اس مقام پر SAIER (امیگرینٹس سروس)، شہری خدمات کے دفاتر (OAC)، قانونی مشاورت اور ریڈ کراس کے تعاون سے اضافی مدد فراہم کی جائے گی۔ اس توسیع کے بعد دیگر دفاتر پر دباؤ کم کیا جائے گا اور زیادہ تر عمل اسی مقام پر منتقل کر دیا جائے گا۔
راکیل گل نے بتایا کہ اب ایک نئی سہولت بھی دی جا رہی ہے، جس کے تحت ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ جاری کیے جائیں گے تاکہ لوگ اپنی درخواست آن لائن بھی مکمل کر سکیں۔
مزید یہ کہ اب تک 24 ہزار “کمزوری کے سرٹیفکیٹس” (informes de vulnerabilidad) جاری کیے جا چکے ہیں، جن میں سے 10 ہزار افراد کو یہ دستاویزات براہ راست ای میل یا موبائل کے ذریعے فراہم کی گئی ہیں تاکہ انہیں بار بار آنے کی ضرورت نہ پڑے۔
بلدیہ کے مطابق، اس مرکز پر فی الحال صرف بارسلونا میں رہائش رکھنے والے افراد کی مدد کی جا رہی ہے، تاہم آئندہ منگل سے وہ افراد بھی یہاں آ سکیں گے جو رجسٹرڈ (empadronado) نہیں ہیں لیکن شہر میں رہائش کا ثبوت دے سکتے ہیں۔
یہ تمام سہولیات 30 جون تک جاری رہیں گی، جو اس غیر معمولی ریگولرائزیشن پروگرام کی آخری تاریخ ہے۔