اسپین: 4 دن میں گرمی کی لہر سے 212 اموات،1950کے بعد جون گرم ترین ریکارڈ
Screenshot
اسپین میں شدید گرمی کی لہر کی وجہ سے اتوار سے بدھ کے درمیان کم از کم 212 اموات ایسی ریکارڈ کی گئی ہیں یہ اندازہ میڈرڈ کے انسٹیٹیوٹو ڈی سالود کارلوس سوم نے لگایا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 2025 میں انہی چار دنوں کے دوران 98 اموات ریکارڈ ہوئی تھیں، جبکہ 2026 میں یہ تعداد 212 تک پہنچ گئی۔
تاہم، نیشنل سینٹر آف ایپیڈیمیالوجی (CNE) کے مطابق یہ ابتدائی اعداد و شمار ہیں اور ان کے مستحکم ہونے کے لیے تقریباً ایک ہفتہ درکار ہوتا ہے۔
CNE کی سائنسدان ڈیانا گومیز کے مطابق جون کے مہینے میں اب تک عارضی طور پر 380 اموات شدید گرمی کے باعث ریکارڈ کی گئی ہیں، جن میں سے 55 فیصد حالیہ گرمی کی لہر کے چار دنوں میں ہوئیں۔
یورپ میں اسپین ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ ملک پہلے ہی شدید گرمی کا عادی رہا ہے، مگر حالیہ برسوں میں گرمی کی لہروں کی شدت اور تعداد میں واضح اضافہ ہوا ہے، اور گرمی کے دوران وقفہ بھی کم ہوتا جا رہا ہے۔
موسمیاتی ادارے کے مطابق جون 2026 کے کچھ دن 1950 کے بعد سے سب سے زیادہ گرم دنوں میں شمار کیے گئے، جبکہ جون 2025 پہلے ہی ریکارڈ کا گرم ترین مہینہ تھا۔