Screenshot
میڈرڈ: سپین میں ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ کام کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے نئے قواعد نافذ ہوگئے ہیں، جن کے تحت اہل پنشنرز بعض شرائط پوری کرکے ملازمت یا ذاتی کاروبار سے آمدنی حاصل کرنے کے ساتھ اپنی ریٹائرمنٹ پنشن کا ایک حصہ بھی وصول کرسکیں گے۔
سپین کے سرکاری گزٹ BOE کے مطابق Real Decreto 416/2026 کے تحت Flexible Retirement کے نظام میں اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ یہ نئے قواعد 28 اگست 2026 سے نافذ العمل ہوگئے ہیں۔
نئے نظام کے تحت ریٹائرمنٹ پنشن لینے والا شخص دوبارہ جزوقتی ملازمت اختیار کرسکتا ہے۔ کام کے اوقات مکمل ملازمت کے اوقات کے 33 فیصد سے 80 فیصد تک ہوسکتے ہیں۔ پنشنر کو ملنے والی پنشن کی رقم کام کے اوقات کے تناسب سے طے کی جائے گی۔
قانون میں بعض حالات میں اضافی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ اگر کوئی شخص ریٹائرمنٹ پنشن شروع ہونے کے کم از کم چھ ماہ بعد پہلی مرتبہ جزوقتی ملازمت اختیار کرتا ہے تو مخصوص شرائط کے تحت قابلِ ادائیگی پنشن میں 15 یا 25 فیصد اضافی رقم شامل ہوسکتی ہے۔
نئے قواعد میں Self-employed یعنی ذاتی کاروبار یا آزادانہ کام کرنے والوں کے لیے بھی گنجائش رکھی گئی ہے۔ مخصوص حالات میں ایسے افراد اپنی پنشن کا 25 فیصد وصول کرسکتے ہیں۔ تاہم اس سہولت کے لیے مختلف شرائط پوری کرنا ضروری ہوں گی، جن میں گزشتہ تین سال کے دوران Self-employed حیثیت سے سوشل سکیورٹی میں رجسٹرڈ نہ ہونا بھی شامل ہے۔
پنشنر کے لیے کام شروع کرنے سے پہلے متعلقہ سوشل سکیورٹی ادارے کو اطلاع دینا لازمی ہوگا۔ جب ملازمت یا کام ختم ہوجائے گا تو مکمل پنشن کی ادائیگی دوبارہ بحال کردی جائے گی۔
حکومت کا مقصد ان اصلاحات کے ذریعے ریٹائرمنٹ کے بعد کام کرنے والے افراد کے لیے روزگار اور پنشن کو زیادہ لچکدار بنانا اور انہیں لیبر مارکیٹ میں دوبارہ حصہ لینے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
