گوہر رشید نے اداکار بننے کے خواہشمند افراد کو شوبز انڈسٹری میں آنے کا طریقہ بتا دیا
پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار گوہر رشید کا کہنا ہے کہ گوری رنگت شوبز انڈسٹری میں آنے کا واحد طریقہ ہے۔
گوہر رشید نے حال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اداکار بننے کے خواہشمند افراد کو شوبز انڈسٹری میں اپنا کیریئر بنانے کا طریقہ بتایا ہے۔
شو کے دوران میزبان یاسر حسین نے گوہر رشید سے سوال کیا کہ ’جو لوگ شوبز انڈسٹری میں اپنا کیریئر بنانا چاہتے ہیں اُنہیں آپ کیا مشورہ دیں گے؟‘
گوہر رشید نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان میں اداکار بننے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ آپ اپنی رنگت گوری کرنے کے لیے مہنگے مہنگے انجیکشنز لگوائیں اور پھر اداکاری کی دنیا میں آپ آرام سے اپنا کیریئر بنا سکتے ہیں‘۔
اُنہوں نے کہا کہ ’رنگت گوری ہونے کے بعد ہر کوئی خود بخود ایک بہترین اداکار بن جائے گا اور اداکاری آتی ہو یا نہیں اسے کوئی بھی اپنے پروجیکٹ کے لیے کاسٹ کر لے گا‘۔
گوہر رشید نے مزید کہا کہ’ گوری رنگت والے کو خود بھی معلوم ہوگا کہ اس کو اداکاری نہیں آتی لیکن پھر بھی پروڈکشن ہاؤس اس کو کاسٹ کرے گا کیونکہ اس کی گوری رنگت ہے‘۔