امریکی سفارت خانے نے اسپین میں مقیم امریکی شہریوں کے لیے سکیورٹی الرٹ جاری کرتے ہوئے انہیں کرسمس کی تقریبات کے دوران ممکنہ دہشت گرد حملوں کے خطرے کے پیشِ نظر چوکنا رہنے اور اپنی حفاظت کے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں قائم امریکی سفارت خانے نے پیر کے روز جاری کردہ انتباہ میں کہا ہے کہ کرسمس کی تعطیلات اور تقریبات کے آغاز کے ساتھ ہی امریکی شہری اپنے اردگرد کے ماحول پر خصوصی نظر رکھیں اور ذاتی سکیورٹی کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
سفارت خانے کے مطابق بڑے عوامی اجتماعات اور تقریبات دہشت گرد گروہوں اور جرائم پیشہ عناصر کے لیے کارروائی کا موقع بن سکتے ہیں۔ انتباہ میں کہا گیا ہے کہ دہشت گرد، حتیٰ کہ اکیلے کارروائی کرنے والے افراد بھی، بغیر کسی پیشگی اطلاع کے حملہ کر سکتے ہیں۔
ممکنہ حملوں کے اہداف میں سیاحتی مقامات، کرسمس مارکیٹس، ٹرانسپورٹ مراکز، شاپنگ مالز، عبادت گاہیں اور دیگر عوامی مقامات شامل ہو سکتے ہیں۔
امریکی سفارت خانے نے اپنے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کرسمس فیسٹیولز، عوامی تقریبات اور زیادہ رش والی جگہوں پر غیر معمولی احتیاط برتیں۔ سیاحتی مقامات پر جانے والے افراد اپنے اردگرد کے حالات پر نظر رکھیں اور پولیس و ہنگامی خدمات کے اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔
سفارت خانے نے خبردار کیا ہے کہ کرسمس کے دوران یورپ کے مختلف ممالک میں ہڑتالوں اور احتجاجی مظاہروں کے باعث سفری نظام اور روزمرہ زندگی متاثر ہو سکتی ہے۔
بیان کے مطابق گزشتہ چند ماہ کے دوران یورپ میں ہڑتالوں اور مظاہروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ متعدد یورپی ممالک میں شہری ہوابازی کے خلاف بم حملوں کی جھوٹی دھمکیاں بھی موصول ہوئی ہیں، جن کے نتیجے میں پروازوں کا نظام متاثر ہوا۔
امریکی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بیرون ملک سفر کے دوران مقامی خبروں سے باخبر رہیں تاکہ ٹرانسپورٹ اور روزمرہ سرگرمیوں کو متاثر کرنے والی صورتحال سے آگاہ رہ سکیں۔
واضح رہے کہ آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن اور پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں قائم امریکی سفارت خانوں نے بھی اپنے شہریوں کے لیے اسی نوعیت کے سکیورٹی انتباہات جاری کیے ہیں۔
