اسپین کے وزیراعظم اور سوشلسٹ پارٹی کے رہنما پیدرو سانچیز اور پاپولر پارٹی کے سربراہ البرتو نونیز فیخو کے درمیان انتخابی مباحثہ تو سیاسی گرما گرمی کے باعث خبروں میں رہا، تاہم مباحثے کے اختتام پر ایک دلچسپ منظر نے بھی سب کی توجہ حاصل کرلی۔
مباحثے کی میزبانی کرنے والی معروف صحافی ماریا کاسادو تقریباً دو گھنٹے تک مسلسل اونچی ایڑھی والے جوتے پہن کر کھڑی رہیں۔ طویل وقت تک کھڑے رہنے کے باعث انہیں شدید تکلیف اور بے آرامی محسوس ہوئی، جس کے بعد انہوں نے مباحثہ ختم ہوتے ہی اپنے جوتے اتار دیے اور انہیں اس روسٹرم پر رکھ دیا جہاں کھڑے ہوکر وہ دونوں سیاسی رہنماؤں کے درمیان مباحثے کی نگرانی کر رہی تھیں۔
یہ دلچسپ منظر اس وقت سامنے آیا جب ماریا کاسادو نے پیدرو سانچیز اور البرتو نونیز فیخو کو الوداع کہا اور پروگرام کے اختتام کا اعلان کردیا۔ اس کے بعد وہ دوبارہ اپنے روسٹرم کے پاس آئیں، اونچی ایڑھی والے جوتے اتارے اور انہیں روسٹرم پر رکھ دیا۔ اس دوران ان کے جوتوں کی نوکیلی اونچی ایڑھیاں بھی واضح طور پر دکھائی دیں جو ان کی تکلیف کی وجہ بنی تھیں۔
اس واقعے پر فیخو اور ان کی انتخابی ٹیم کے ارکان نے بھی توجہ دی اور صحافی کی تکلیف کو سمجھتے ہوئے ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ بعد ازاں ماریا کاسادو جوتے ہاتھ میں اٹھائے ننگے پاؤں اسٹوڈیو سے باہر نکل گئیں۔
دوسری جانب مباحثے کے دوران فیخو نے ابتدا ہی سے پیدرو سانچیز کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور بدعنوانی کے مختلف معاملات اٹھاتے ہوئے کہا کہ اسپین ایک باکردار وزیراعظم کا مستحق ہے۔
اس کے برعکس سانچیز نے ابتدا میں نسبتاً محتاط رویہ اختیار کیا اور اپنی حکومت کی کارکردگی کا دفاع کرتے ہوئے سماجی حقوق، فلاحی ریاست کی مضبوطی اور گزشتہ دور میں ہونے والی پیش رفت کو اپنی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پیپلز پارٹی اور ووکس کی ممکنہ حکومت ملک کو ترقی کے بجائے پیچھے لے جاسکتی ہے۔
