کمشنر راولپنڈی کا ذہنی توازن خراب تھا تو ڈیڑھ سال سے انہیں کیوں لگایا ہوا تھا؟ شعیب شاہین
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شعیب شاہین کا کہنا ہے کہ کمشنر راولپنڈی کا ذہنی توازن خراب تھا تو ڈیڑھ سال سے انہیں کیوں لگایا ہوا تھا؟ کمشنر راولپنڈی کا تعلق ن لیگ سے ہے جو سامنے آگیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شعیب شاہین کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے تینوں حلقوں کے آر اوز نے بتایا میرے اوپر کوئی اعتراض نہیں، ہم ہائیکورٹ سے بحال ہوئے اور انتخابات میں حصہ لیا۔
شعیب شاہین نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی کے الزام پر چیف الیکشن کمشنر کیسے انکوائری کر سکتے ہیں؟ چیف الیکشن کمشنر پر تو الزام لگایا گیا وہ خود اپنی انکوائری کیسے کر سکتے ہیں؟
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ فارم 45 کے نتیجے میں جو فارم 47 بنا اس میں ہزاروں ووٹوں کی چوری کی گئی۔ تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کی 180 سے زائد سیٹیں حاصل کیں، پہلے لوگ ان کو چور کہتے تھے اب ان کو ڈاکو بھی کہیں گے۔