اسپین کرسمس لاٹری،کاتالونیا خالی ہاتھ، موٹے انعام میڈرڈ اور کاستیلا میں نکلے
Screenshot
میڈرڈ(دوست نیوز)اسپین کی روایتی کرسمس لاٹری، جو دنیا کی سب سے بڑی اور قدیم ترین لاٹریوں میں شمار ہوتی ہے، پیر کے روز منعقد ہوئی جس میں مجموعی طور پر 2.7 ارب یورو سے زائد کے انعامات تقسیم کیے گئے۔ یہ اب تک کی ایک اور ریکارڈ ایڈیشن رہی۔
سب سے بڑا انعام ’اِل گوردو‘ (یعنی دی فَیٹ ون) اس بار کاتالونیا کو نہ مل سکا اور مکمل طور پر کاستیلا و لیون اور میڈرڈ میں نکلا۔ جیتنے والا نمبر 79432 تھا۔

’اِل گوردو‘ کے تحت ہر دَثیمو (20 یورو کا ٹکٹ) پر 4 لاکھ یورو ملتے ہیں، اور اس نمبر کے ساتھ کل 1,980 دثیمو منسلک ہوتے ہیں۔
دوسرا بڑا انعام، جو فی دثیمو 1 لاکھ 25 ہزار یورو کا ہے، نمبر 70048 کو ملا اور یہ مکمل طور پر میڈرڈ کی ایک ہی لاٹری دکان میں فروخت ہوا۔

اگرچہ بڑے انعامات میں کاتالونیا کا حصہ محدود رہا، تاہم تیسرا انعام (50 ہزار یورو فی دثیمو) کاتالونیا کے کئی شہروں میں نکلا، جن میں زیادہ تر ٹکٹ سانت بوئی دے لوبریگات میں فروخت ہوئے۔
اسی طرح دو میں سے ایک چوتھا انعام (20 ہزار یورو فی دثیمو) نمبر 78477 کے تحت کاتالونیا کے شہروں بادالونا اور اولوت میں بھی گیا۔
پانچویں انعامات (6 ہزار یورو فی دثیمو) کی چند سیریز بھی کاتالونیا کے مختلف شہروں بشمول بارسلونا، لااوسپیتالیت، اِل پرات، ویلادیکانس، مونتگات، سورت اور پورکیریس میں تقسیم ہوئیں۔
اہم نتائج درج ذیل ہیں:
- اِل گوردو (4 لاکھ یورو فی دثیمو): 79432
- دوسرا انعام (1,25,000 یورو): 70048
- تیسرا انعام (50,000 یورو): 90693
- چوتھا انعام (20,000 یورو): 78477
- پانچواں انعام (6,000 یورو): 23112، 60649، 77715، 25412، 61366
ان کے علاوہ ہزاروں چھوٹے انعامات بھی ہیں، جن میں پیدریاس شامل ہیں، جن کے تحت تقریباً 2,000 نمبرز کو فی دثیمو 100 یورو ملتے ہیں۔ سب سے چھوٹا انعام رینتیگرو ہے، جس میں اگر ٹکٹ کا آخری ہندسہ جیتنے والے نمبر سے مل جائے تو 20 یورو واپس مل جاتے ہیں۔
کرسمس لاٹری ہسپانوی ثقافت کا گہرا حصہ ہے، جہاں اندازاً 70 سے 90 فیصد بالغ آبادی ہر سال اس میں حصہ لیتی ہے۔ اس سال ملک بھر میں 3.55 ارب یورو لاٹری پر خرچ کیے گئے، جو فی کس اوسطاً 72 یورو سے زائد بنتے ہیں۔
کاتالونیا میں فی فرد خرچ نسبتاً کم رہا، تقریباً 53 یورو، جبکہ کاستیلا و لیون سب سے آگے رہا جہاں اوسط خرچ 118 یورو فی فرد تھا۔
لاٹری کا قرعہ اندازی روایتی طور پر میڈرڈ کے تیاترو ریئل میں ہوتی ہے، جہاں دو سنہری ڈرموں سے نمبرز اور انعامات نکالے جاتے ہیں۔ اس تقریب کی ایک خاص روایت یہ بھی ہے کہ نمبرز سان اِلدیفونسو اسکول کے بچے گاتے ہوئے سناتے ہیں، جو اس تقریب کو مزید منفرد بناتی ہے۔
اس موقع پر تیاترو ریئل میں سینکڑوں افراد اپنے دثیمو کے ساتھ موجود ہوتے ہیں، اکثر خوش قسمتی کے لیے منفرد لباس اور انداز اختیار کرتے ہیں، اس امید پر کہ شاید آج قسمت ان پر بھی مسکرا دے۔