میڈرڈ میں تین خواتین کو گرفتار ،مردوں کو مشروبات میں نشہ آور اشیا پلا کر لوٹ لیتی تھیں
Screenshot
میڈرڈ(دوست نیوز) پولیس نے میڈرڈ میں تین خواتین کو گرفتار کیا ہے جن پر الزام ہے کہ وہ تفریحی مقامات پر مردوں کو ورغلا کر ان کی مشروبات میں نشہ آور اشیا ملا دیتی تھیں، جس سے متاثرہ افراد کی ہوش و حواس مفلوج ہو جاتے اور بعد میں انہیں لوٹ لیا جاتا۔ پولیس کے مطابق یہ وارداتیں کم از کم 14 مرتبہ دہرائی گئیں۔
گرفتار خواتین میں سے دو کو عدالتی حکم پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔ ان پر تشدد کے ساتھ ڈکیتی، دھوکہ دہی، صحتِ عامہ کے خلاف جرائم اور دستاویزات میں جعل سازی کے الزامات ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے متاثرہ افراد سے قیمتی اشیا اور کریڈٹ کارڈز چرائے، جن کے ذریعے بعد میں جعلی لین دین کیا گیا۔ بعض معاملات میں متاثرہ مردوں کے نام پر 50 ہزار یورو تک کے قرضے بھی حاصل کیے گئے۔
پولیس کے مطابق یہ گروہ مارچ سے سرگرم تھا اور ان کے خلاف مجموعی طور پر 18 ڈکیتیوں، 17 فراڈ، صحتِ عامہ کے خلاف 19 جرائم اور جعل سازی کے دو مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
تحقیقات کے مطابق ملزمان کا طریقۂ واردات ایک جیسا تھا۔ وہ رات کے تفریحی مقامات پر مردوں سے دوستی کرتیں، اعتماد حاصل کرتیں اور پھر انہیں شراب پینے پر آمادہ کرتیں۔ اسی دوران مشروب میں نشہ آور مادہ شامل کر دیا جاتا۔ بعد میں متاثرہ افراد کو شدید نقاہت محسوس ہوتی اور جب ہوش آتا تو انہیں واقعے کی کوئی یاد نہ رہتی اور وہ اپنی اشیا غائب پاتے۔
پولیس نے بتایا کہ ایک موقع پر متاثرہ شخص کے گھر میں شراب موجود نہیں تھی اور وہ الکحل پینے پر آمادہ نہیں تھا، تو خواتین نے پانی سے جام ٹکرانے کی تجویز دی۔ بعد میں ایک اور شخص کے بیئر کے ڈبے لانے پر ملزمان نے پہلے جیسی واردات انجام دی