امریکہ،منشیات کی اسمگلنگ،کم از کم 35 کشتیاں تباہ،اور 100 سے زائد افراد کی ہلاکت کی تصدیق
نیویارک(دوست نیوز)امریکہ نے گزشتہ پانچ ماہ کے دوران منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں میں کم از کم 35 کشتیاں تباہ کرنے اور 100 سے زائد افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت لاطینی امریکی منشیاتی کارٹلز کو دہشت گرد تنظیمیں قرار دے کر بین الاقوامی پانیوں میں مہلک فوجی حملوں کو جائز سمجھتی ہے۔
یہ آپریشن اگست میں کیریبین سے شروع ہوا، جس میں خاص طور پر وینزویلا کو ہدف بنایا گیا، اور بعد میں کولمبیا کے قریب بحرالکاہل تک پھیل گیا۔ ان حملوں میں تیز رفتار کشتیاں اور ایک دیسی ساختہ آبدوز بھی تباہ کی گئی۔
وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو نے ان کارروائیوں کو ماورائے عدالت قتل قرار دیا ہے، جبکہ اقوام متحدہ نے بھی انہیں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دے کر امریکہ سے روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
امریکی کانگریس میں ان حملوں کی قانونی حیثیت پر سوالات اٹھ رہے ہیں، خاص طور پر ایسے واقعات پر جہاں زخمی یا زندہ بچ جانے والوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ رپورٹ کے مطابق دسمبر کے آخر تک یہ کارروائیاں جاری رہیں اور نئے حملوں میں مزید ہلاکتیں ہوئیں، جبکہ بعض حملے وینزویلا کی بندرگاہی تنصیبات تک پھیلنے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔