اسپین کے بڑے شہروں میں اوسط آمدنی پر گھر خریدنا مشکل، اضافی آمدنی ضروری قرار
Screenshot
اسپین میں جائیداد کی قیمتوں میں اضافے کے باعث اوسط آمدنی والے خاندانوں کے لیے گھر خریدنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔ Tecnocasa اور Universitat Pompeu Fabra کی تحقیق کے مطابق کئی بڑے شہروں میں خاندانوں کو قرض حاصل کرنے کے لیے اپنی آمدنی سے کہیں زیادہ مالی استطاعت درکار ہے۔
رپورٹ کے مطابق سان سباستیان (144 فیصد)، پالما (138 فیصد)، میڈرڈ (133 فیصد)، بارسلونا (124 فیصد) اور مالاگا (113 فیصد) وہ شہر ہیں جہاں اوسط آمدنی پر گھر خریدنا ممکن نہیں رہا۔
مطالعے میں بتایا گیا کہ محفوظ طریقے سے گھر خریدنے کے لیے اوسط خاندان کو اضافی سالانہ آمدنی درکار ہے، جن میں سان سباستیان میں 23,050 یورو، میڈرڈ میں 16,480 یورو، پالما میں 17,000 یورو، بارسلونا میں 11,180 یورو اور مالاگا میں 4,630 یورو شامل ہیں۔
ماہرین کے مطابق 2020 کے بعد جائیداد کی قیمتوں اور شرح سود میں اضافے نے صورتحال کو مزید مشکل بنا دیا ہے، جس کے باعث اب بہت سے خاندانوں کے لیے گھر خریدنا ایک بڑا مالی چیلنج بن چکا ہے۔