شمالی کاتالونیا میں لمپی اسکن بیماری کا نیا پھیلاؤ، 106 گائیں تلف کرنے کا فیصلہ
Screenshot
کاتالونیا کے شمال مشرقی علاقے میں واقع قصبے کیپمانی (Capmany) کے ایک فارم میں لمپی اسکن بیماری کا نیا پھیلاؤ سامنے آیا ہے، جس کے بعد 106 گائیوں کو تلف کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کاتالونیا کی وزارتِ زراعت کے مطابق اس فارم کے تمام جانور مکمل طور پر ویکسین شدہ نہیں تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اگرچہ کچھ مویشیوں کو ویکسین لگائی گئی تھی، لیکن ماہرین کی سفارش پر احتیاطی تدابیر کے تحت تمام 106 گائیں ختم کی جائیں گی۔
فارمرز یونین کی کوآرڈینیٹر راکیل سیراٹ نے کہا ہے کہ اگر ویکسینیشن لازمی ہے تو اسے سختی سے نافذ کیا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق متعلقہ حکام کو یہ یقینی بنانا چاہیے تھا کہ فارم کے تمام جانوروں کو بروقت ویکسین لگائی جاتی۔
نئے کیس سامنے آنے کے بعد قریبی تمام فارموں پر آئندہ 45 دن کے لیے سخت پابندیاں نافذ کر دی گئی ہیں۔ یہ کاتالونیا میں لمپی اسکن بیماری کا 18واں پھیلاؤ ہے، جبکہ آخری مثبت کیس 24 اکتوبر 2025 کو ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اس بیماری کا پہلا کیس 3 اکتوبر کو قریبی قصبے کستییو دیمپوریئس (Castelló d’Empúries) میں سامنے آیا تھا، جو کیپمانی سے محض 20 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ اس کے بعد عائد پابندیوں کے نتیجے میں اب تک 2,500 سے زائد جانور تلف کیے جا چکے ہیں۔
حکام کے مطابق پابندیاں جمعرات کو ختم کیے جانے کا امکان تھا، تاہم نئے کیسز کی تشخیص کے بعد یہ اقدامات بدستور جاری رکھے جائیں گے۔