کیا اروشی روٹیلا کا کیک واقعی سونے سے تیار کیا گیا تھا؟
بالی ووڈ کی معروف اداکارہ و ماڈل اروشی روٹیلا نے اپنی 30 ویں سالگرہ پر 24 قیراط گولڈ کیک کاٹ کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔ تاہم سوشل میڈیا صارفین انہیں اب تک شدید ٹرولنگ کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں اروشی روٹیلا سے کیک کی قیمت اور اصلی سونے کے ہونے کے حوالے سے سوال کیا گیا۔
اس کیک کے بارے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بھارتی اداکارہ نے کہا کہ ’لوگ مجھ سے سوال کر رہے ہیں کہ کیا وہ اس کیک کو کھائیں گی یا سنبھال کر رکھیں گی؟ یہ کیک اتنا خوبصورت ہے تو کیوں نہیں‘۔
بھارتی صحافی نے اداکارہ سے اس کی قیمت کے حوالے سوال پوچھا کہ ’کیا آپ نے سوچا تھا کہ کبھی کوئی کیک اتنا مہنگا بھی ہوسکتا ہے؟ کسی کیک کی زیادہ سے زیادہ قیمت 1 یا 2 لاکھ روپے ہو سکتی ہے یا بہت ہوا تو 50 لاکھ روپے ہو سکتی ہے لیکن اس کیک میں ایسا کیا خاص تھا جو یہ 3 کروڑ روپے کا تھا؟
صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’یہ اتنا خوبصورت تھا، اگر آپ اسے غور سے دیکھیں تو یہ چار منزلہ اصلی سونے کا کیک ہے‘۔
صحافی نے مزید پوچھا کہ اتنا مہنگا کیک، کیا آپ کا دل کیا کہ اسے کھائیں؟
اروشی روٹیلا نے صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا جی بالکل، اس کیک کے اوپر جو سونے سے بنی پھولوں کی پتیاں تھیں وہ میں نے ہی کھائی تھیں۔
یاد رہے کہ اروشی روٹیلا نے اپنی 30 ویں سالگرہ کے موقع پر 24 قیراط گولڈ کیک کاٹ کر عالمی ریکارڈ قائم کرنے کا دعویٰ کیا تھا، اس کے ساتھ ہی انہیں پہلی بھارتی خاتون ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہوگیا جس نے سونے سے تیار کردہ کیک کاٹا ہے۔
اداکارہ کے لیے مذکورہ کیک کا اہتمام بھارتی گلوکار و ریپر یو یو ہنی سنگھ نے خصوصی طور پر کیا تھا۔
سوشل میڈیا پر اس کی تصاویر و ویڈیوز منظر عام پر آنے کے بعد صارفین اداکارہ کو شدید تنقید کا بھی نشانہ بنا رہے ہیں۔
ایک صارف نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے تبصرہ کیا کہ ’کتنی احمقانہ بات ہے۔ ہمارے ملک میں بچوں اور بزرگوں سمیت غریب لوگ بھوک کی وجہ سے مرتے ہیں اور یہ اس پر دکھاوا کر رہے ہیں۔
ایک اور صارف لکھتے ہیں کہ ’اس کیک کی بجائے ایک اچھی گاڑی خرید کر دے سکتا تھا۔‘