بارسلونا میں فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کا عظیم کنسرٹ، روزالیا کی اچانک آمد نے سماں باندھ دیا
Screenshot
بارسلونا کے تاریخی اسٹیڈیم پالاؤ سانت جوردی میں فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کے لیے منعقدہ عظیم الشان کنسرٹ نے ہزاروں افراد کو اپنی جانب متوجہ کیا۔ یہ کنسرٹ Act x Palestine مہم کا اختتامی اور مرکزی پروگرام تھا، جس میں تقریباً 30 نامور فنکاروں نے پرفارم کیا۔

کنسرٹ کی خاص بات عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ روزالیا کی اچانک اسٹیج پر آمد تھی، جنہوں نے اپنے نئے البم Lux: La Perla کا مقبول گیت پیش کر کے حاضرین سے زبردست داد وصول کی۔ بیڈ گیال اور امائیا کی پرفارمنس نے بھی شائقین کو جوش و خروش سے بھر دیا۔
اس موقع پر جن دیگر فنکاروں نے پرفارم کیا ان میں مراد، اوکیس گراسس، موشکا، لوئیس لیاچ، فرمن موگو روزا اور یرائی کورٹیس شامل تھے۔ بین الاقوامی سطح پر مالی سے آنے والے مشہور بینڈ ٹیناریوین اور فرانس کی زاہو دے ساگازان نے بھی اپنی آواز کا جادو جگایا۔
کنسرٹ میں فلسطینی آوازیں بھی نمایاں رہیں، جن میں زینے اور لینا ماکول شامل تھیں، جنہوں نے فلسطینی عوام کے دکھ درد اور جدوجہد کو موسیقی کے ذریعے پیش کیا۔
اس تقریب میں دو کوائرز نے بھی حصہ لیا۔ ایک البالد کوائر تھا، جو گزشتہ نومبر میں کاتالونیا اور فلسطین کی قومی ٹیموں کے میچ کے لیے تشکیل دیا گیا تھا، جبکہ دوسرا اوویدی کور گران کوائر تھا، جس کے ساتھ متعدد فنکار اسٹیج پر موجود تھے۔
کنسرٹ کے دوران موسیقی کے ساتھ ساتھ تقاریر اور ویڈیوز بھی دکھائی گئیں، جن میں فلسطینی عوام کی مزاحمت، حوصلے اور ثابت قدمی کو اجاگر کیا گیا۔ مشہور فٹبال کوچ پیپ گواردیولا نے بھی اس موقع پر کنسرٹ کا افتتاح کیا۔
منتظمین کے مطابق یہ کنسرٹ کئی ماہ کی عوامی مہم کا نتیجہ تھا، جسے فلسطینی انسانی حقوق، امدادی اور ثقافتی تنظیموں نے یورپی اداروں کے تعاون سے منظم کیا۔
کنسرٹ سے حاصل ہونے والی تمام آمدنی غزہ اور مغربی کنارے میں ثقافتی منصوبوں کی بحالی اور فروغ کے لیے استعمال کی جائے گی۔