میڈرڈ میں ایک شخص کے قتل اور دوسرے کو زخمی کرنے کے الزام میں پرتگال سے چار افراد گرفتار
Screenshot
میڈرڈ کے علاقے ایستریمیرا میں واقع ایک فارم ہاؤس میں ایک شخص کے قتل اور دوسرے کو زخمی کرنے کے مقدمے میں پرتگال سے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ گرفتاریاں اسپین کی گواردیا سیول پولیس نے پرتگال کی جوڈیشل پولیس (لیریا) کے تعاون سے کیں۔
گواردیا سیول کے مطابق چاروں ملزمان پرتگال میں مقیم ہیں اور ایک معروف مجرمانہ نیٹ ورک سے تعلق رکھتے ہیں۔ تفتیش سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ افراد گزشتہ مارچ میں اسپین آئے تھے، جہاں انہوں نے فارم ہاؤس میں موجود افراد سے بڑی مقدار میں منشیات لوٹنے کی کوشش کی۔
واقعے کے دوران دونوں متاثرین کو پہلے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ہاتھ پاؤں باندھے گئے، بے بس کیا گیا اور پھر ان پر فائرنگ کر دی گئی۔ فائرنگ کے نتیجے میں 37 سالہ مراکشی شہری موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ 44 سالہ ہسپانوی شہری شدید زخمی ہوا۔
یہ واقعہ 27 مارچ کی علی الصبح پیش آیا، جب ایستریمیرا میں M-240 ہائی وے کے قریب واقع فارم ہاؤس سے فائرنگ کی آوازیں سن کر ایک مقامی شہری نے پولیس کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کے اہلکار موقع پر پہنچے اور دونوں متاثرین کو پایا۔
تحقیقات کی قیادت گواردیا سول پولیس کر رہی ہے، جس میں پرتگال کی جوڈیشل پولیس تعاون کر رہی ہے۔ یہ کارروائی میڈرڈ کے علاقے ارگاندا دل رے کی عدالتِ انسٹرکشن اور پرتگال کے شہر سانتاریم کی عدالت کی نگرانی میں انجام دی گئی۔