اسپین میں تارکینِ وطن کی غیر معمولی قانونی حیثیت،درخواستوں کا آغاز تقریباً دو ماہ بعد متوقع
Screenshot
میڈرڈ/ وزارتِ شمولیت، سماجی تحفظ اور مہاجرت نے واضح کیا ہے کہ اس وقت غیر معمولی ریگولرائزیشن کے لیے درخواستیں جمع کرانے کا عمل شروع نہیں ہوا۔ اس سلسلے میں سیکریٹریٹ آف اسٹیٹ فار مائیگریشنز نے عوام سے صبر و سکون برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔
وزارت کے مطابق 6 فروری تک ابتدائی مسودہ عوامی مشاورت کے لیے کھلا ہے۔ اس مرحلے کے بعد موصول ہونے والی تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا اور مناسب ترامیم شامل کی جائیں گی۔ اس کے بعد مسودہ مختلف اداروں کو رائے کے لیے بھیجا جائے گا، جن میں کونسل آف اسٹیٹ کی رپورٹ نہایت اہم ہوگی، جو اس شاہی فرمان (Real Decreto) کو مکمل قانونی تحفظ فراہم کرے گی۔
حتمی مسودہ دوبارہ کونسل آف منسٹرز سے منظور ہونے کے بعد سرکاری گزٹ (BOE) میں شائع کیا جائے گا۔ اسی اشاعت کے بعد درخواستیں جمع کرانے کی مدت کا آغاز ہوگا، جو اندازاً اپریل کے اوائل میں متوقع ہے۔
آخر میں سیکریٹریٹ آف اسٹیٹ فار مائیگریشنز نے ان تمام افراد سے، جو اس عمل سے متاثر ہو سکتے ہیں، گزارش کی ہے کہ وہ افواہوں پر توجہ دینے کے بجائے حکومتِ اسپین کے سرکاری ذرائع، خصوصاً اس وزارت کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا چینلز کے ذریعے مستند معلومات حاصل کریں تاکہ درخواستوں کے درست اوقات اور طریقۂ کار سے بروقت آگاہی ممکن ہو سکے۔