پاکستان سے ڈاکٹرز کی ہجرت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
Screenshot
پاکستان سے ڈاکٹرز کی ہجرت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ گیلپ سروے کے مطابق گزشتہ سال 4 ہزار ڈاکٹرز بیرون ملک گئے۔
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے نمائندے کہتے ہیں میڈیکل گریجویٹس کے پاکستان چھوڑنے کی بڑی وجہ پاکستان میں نوکری کے کم مواقع ہیں۔
پاکستان سے ڈاکٹرز کی ہجرت میں گزشتہ 10 برس سے بتدریج اضافہ جاری ہے۔ گیلپ سروے کے مطابق 2015ء کے بعد سے ہر سال 1500 سے 2000 تک ڈاکٹر باہر جارہے تھے جبکہ 2025ء میں یہ تعداد 4000 ریکارڈ کی گئی۔
سروے میں ڈاکٹرز کے پاکستان چھوڑنے کی بڑی وجوہات نوکری کے کم مواقع اور عالمی سطح پر بڑھتی مانگ بتائی گئی۔
صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ڈاکٹر اختر بندیشہ کہتے ہیں بہتر مستقبل کیلئے کوشش ہر شخص کا حق ہے، دنیا بھر میں پاکستانی ڈاکٹروں کی مانگ ہماری میڈیکل تعلیم کے معیاری ہونے کا ثبوت بھی ہے۔
سیکریٹری جنرل پاکستان ایسوسی اییشن آف میڈیکل انسٹیٹیوشنز شہباز ریاض جنجوعہ نے ڈاکٹروں کے بیرون ملک جانے کو پاکستان کا فائدہ قرار دے دیا۔ کہا اس سے زرمبادلہ بھی تو آرہا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں ہر سال 22 ہزار نئے ڈاکٹرز کا اضافہ ہو رہا ہے، مریضوں کی تعداد کے حساب سے کوئی کمی نہیں، البتہ خواتین ڈاکٹرز کا شادی کے بعد پیشہ چھوڑنا بڑا چیلنج ہے۔