ریلوے لائنوں سے تانبے کی چوری کے 16 واقعات میں ملوث شخص گرفتار، 70 سے زائد ٹرینیں متاثر
Screenshot
اسپین کے صوبہ زاراگوزا میں گواردیا سول پولیس نے 44 سالہ شخص کو ریلوے لائنوں سے تانبے کے کیبل چوری کرنے کے 16 واقعات میں گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم نے 750 میٹر سے زائد تانبے کی تار چوری کی، جس کی مالیت تقریباً 38,000 یورو بتائی گئی ہے۔ اس چوری کے باعث 76 ٹرینیں متاثر ہوئیں، جن میں 49 تیز رفتار (ہائی اسپیڈ) اور 27 عام لائن کی ٹرینیں شامل ہیں، اور بعض ٹرینوں کو چار گھنٹے سے زیادہ تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ تحقیقات گزشتہ تین ماہ سے ثاراگوسا میں سول گواردیا نے ریلوے انفراسٹرکچر ادارے ADIF کے تعاون سے کیں، جب علاقے میں تانبے کی چوری کے متعدد واقعات سامنے آئے۔
پولیس کے مطابق چوری ہونے والا کیبل ریلوے سگنلنگ سسٹم کا حصہ تھا، جو ہائی اسپیڈ لائن میڈرڈ،بارسلونا اور عام لائنوں زاراگوزا-بلباؤ، میڈرڈ-بارسلونا اور مال بردار روٹ زاراگوزا-لا کارتوخا پر نصب تھا۔
تحقیقات میں سیکیورٹی کیمروں اور دیگر شواہد کی مدد سے معلوم ہوا کہ تمام چوریاں ایک ہی شخص نے کیں۔ ملزم عام طور پر ریلوے لائن کے قریب سروس راستوں سے داخل ہوتا، حفاظتی باڑ توڑتا، پھر قینچی نما آلے سے کیبل کاٹ کر گاڑی میں ڈال کر فرار ہو جاتا۔ اس دوران اس نے کنکریٹ کے ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچایا۔
بالآخر پولیس نے ملزم کی شناخت کر کے اسے فروری کے وسط میں گرفتار کر لیا۔
ان چوریوں کے باعث نہ صرف ٹرینوں کی آمدورفت شدید متاثر ہوئی بلکہ مسافروں کی سلامتی کو بھی خطرہ لاحق ہوا، کیونکہ حفاظتی باڑ ٹوٹنے سے جانور پٹری پر آ سکتے تھے اور حادثات کا سبب بن سکتے تھے۔
پولیس نے گرفتار شخص پر چوری، املاک کو نقصان پہنچانے اور عوامی نظم میں خلل ڈالنے کے 16 مقدمات درج کیے ہیں۔