خالد شہباز چوہان کی کاتالونیا میں سماجی شمولیت اور کمیونٹی تعاون پر اہم ملاقات
بارسلونا(پ ر)پاک کاتالان فیڈریشن کے صدرخالد شہباز چوہان کی بارسلونا میں ایک اہم ملاقات ہوئی جس میں معروف کاتالان شخصیات اینجل کولوم، ایرک برتران اور وکتوریا السینا نے شرکت کی۔
محترمہ وکتوریا السینا کاتالونیا کی سابق وزیر برائے خارجہ امور (Consellera d’Acció Exterior i Govern Obert de la Generalitat de Catalunya) رہ چکی ہیں اور اس وقت بلدیہ بارسلونا میں کونسلر اور ضلع گریسیا کی صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے بین الاقوامی تعلقات، سماجی شمولیت اور شہری شرکت کے شعبوں میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
ملاقات کے دوران کاتالونیا میں آباد مختلف کمیونٹیز، خصوصاً تارکین وطن، کو معاشرے کا فعال اور مؤثر حصہ بنانے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ کاتالونیا میں بسنے والے تمام افراد صرف اپنی کمیونٹی تک محدود نہ رہیں بلکہ مقامی معاشرے، سماجی سرگرمیوں، تعلیمی منصوبوں اور شہری زندگی میں بھی بھرپور کردار ادا کریں۔
شرکاء نے اس امر پر اتفاق کیا کہ نئی نسل کی تعلیم، خواتین کی شمولیت، رضاکارانہ خدمات، ثقافتی تبادلوں اور مقامی اداروں کے ساتھ رابطے کے ذریعے کمیونٹیز نہ صرف اپنی شناخت کو برقرار رکھ سکتی ہیں بلکہ کاتالان معاشرے کی ترقی اور خوشحالی میں بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔
ملاقات میں مستقبل میں مختلف تنظیموں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے، مشترکہ سماجی و ثقافتی منصوبوں کو آگے بڑھانے اور کاتالونیا میں رہنے والے تمام شہریوں کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی احترام کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
“کاتالونیا کی ترقی میں ہر شہری کا کردار اہم ہے، اور ایک مضبوط، متحد اور شامل معاشرہ ہی روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔”