بارسلونا: کاتالان فیڈریشن کے وفد کی امیگریشن ڈیپارٹمنٹ کے انچارج سانچز مورال سے اہم ملاقات
بارسلونا میں آج کاتالان فیڈریشن کے صدر خالد شہباز چوہان، ساجد محمود اور حاجی رزاق نے بلدیہ بارسلونا کے امیگریشن ڈیپارٹمنٹ کے انچارج سانچز مورال سے ایک اہم ملاقات کی۔
ملاقات کے آغاز میں وفد نے سانچز مورال کو ان کی نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہا۔ یاد رہے کہ سانچز مورال کو تقریباً ایک ماہ قبل بلدیہ بارسلونا میں امیگریشن امور کا انچارج مقرر کیا گیا ہے، جہاں وہ امیگریشن سے متعلق تمام معاملات کی نگرانی کر رہے ہیں۔

اس موقع پر کاتالان فیڈریشن کی مختلف سماجی، ثقافتی اور کمیونٹی سرگرمیوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وفد نے فیڈریشن کی جانب سے پاکستانی اور مقامی کمیونٹیز کے درمیان ہم آہنگی، ثقافتی روابط اور سماجی ترقی کے لیے جاری منصوبوں سے آگاہ کیا۔
ملاقات میں کاتالان فیڈریشن کے آنے والے منصوبوں، کمیونٹی ویلفیئر پروگرامز، تارکین وطن کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں جانب سے مستقبل میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور کمیونٹی کی بہتری کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔
کاتالان فیڈریشن کے نمائندوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ بلدیہ بارسلونا اور فیڈریشن کے درمیان یہ رابطے مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے، جس سے پاکستانی کمیونٹی سمیت دیگر تارکین وطن کو بھی فائدہ پہنچے گا۔