فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کے کردار ’راج‘ کیلئے ہدایتکار کی پہلی پسند ٹام کروز تھے
بالی ووڈ کے معروف فلمساز آدیتیہ چوپڑا ہالی ووڈ اسٹار ٹام کروز کو اپنی پہلی فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ میں مرکزی کردار ’راج ملہوترا‘ کے لیے کاسٹ کرنا چاہتے تھے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ فلمساز آدیتیہ چوپڑا نے فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کا کردار ’راج ملہوترا‘، ٹام کروز کو ذہن میں رکھتے ہوئے لکھا تھا۔
اس فلم کو دیگر فلموں سے مکمل طور پر مختلف بنانے کے لیے منصوبہ بنایا گیا تھا کہ اس فلم کی ہیروئن کو دیسی اور ہیرو کو بدیسی بابو دکھایا جائے گا جس کے لیے آدیتیہ کے ذہن میں امریکی ہیرو ٹام کروز تھے۔
فلمساز آدیتیہ چوپڑا ٹام کروز کو اس فلم میں کاسٹ کرنے کے لیے بہت زیادہ دلچسپی رکھتے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ٹام کروز نے اس فلم کا حصہ بننے کے لیے بہت بڑی رقم مانگی تھی جو اس وقت پروڈکشن ہاؤس کے لیے ادا کرنا ممکن نہیں تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بعد ازاں آدیتیہ چوپڑا کے والد اور مشہور فلمساز یش چوپڑا نے ہی بیٹے آدیتیہ کو مرکزی کرداروں کو بیرونِ ملک بسنے والے ہندوستانی خاندان دکھانے کا مشورہ دیا اور کہانی کو تبدیل کرنے کا کہا۔
اسی بنا پر یہ بلاک بسٹر فلم شاہ رخ خان کے حصے میں آ گئی۔
یاد رہے کہ 1995ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ یش راج فلمز اور بالی ووڈ کی کامیاب ترین فلموں میں سے ایک ہے۔
اس فلم میں اداکارہ کاجول کے مدِ مقابل کنگ خان، شاہ رخ خان نے کردار ادا کیا تھا۔
ناصرف یہ فلم، بلکہ یہ جوڑی بھی اب تک کی بالی ووڈ کی ہٹ جوڑیوں میں سے ایک قرار دی جاتی ہے۔