اٹلی نے پاکستان کے لئے ورک ویزے جاری کرنے کا اعلان کردیا
Screenshot
اٹلی/پاکستانی ہنرمند اور ماہر کارکن اب یورپ میں روزگار کے نئے مواقع حاصل کر سکتے ہیں کیونکہ اٹلی نے پاکستان کے لیے 10,500 ورک ویزے جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ اعلان وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور اٹلی کے ہم منصب میٹیو پینٹے ڈوسی کے درمیان ملاقات کے دوران سامنے آیا جس میں دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی تعاون، غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام، انسداد منشیات اور انسانی اسمگلنگ کے شعبوں میں پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اطالوی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کی اسکلڈ لیبر فورس کے لیے ورک ویزے جاری کیے جائیں گے تاکہ قانونی ہجرت کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے مزید اعلان کیا کہ پاکستانی ڈپلومیٹک پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو اٹلی کے ویزے سے استثنا حاصل ہوگا، جو گزشتہ ملاقات میں دونوں وزرائے داخلہ کے درمیان زیر بحث آیا تھا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اٹلی کے وزیر داخلہ کو بتایا کہ پاکستان میں ایئرپورٹس اور سمندری سرحدوں پر کڑی نگرانی کے باعث غیر قانونی امیگریشن میں نمایاں کمی آئی ہے۔ اٹلی کے وزیر داخلہ نے اس مؤثر پالیسی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی اداروں کی کامیابیاں، غیر قانونی امیگریشن، انسانی اسمگلنگ اور منشیات کی روک تھام کے سلسلے میں قابل تحسین ہیں