اسپین،فروری میں کرایوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ،کاتالونیا میں کمی دیکھنے میں آئی
Screenshot
اسپین میں کرایوں کی قیمتوں میں فروری کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جائیداد کے معروف پورٹل Idealista کی تازہ رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں کرایہ سالانہ بنیاد پر 7.8 فیصد بڑھ کر اوسطاً 15 یورو فی مربع میٹر تک پہنچ گیا ہے۔ تاہم کاتالونیا وہ واحد خودمختار علاقہ ہے جہاں قیمتوں میں 1.2 فیصد کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ تین ماہ میں کرایوں میں 3.3 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ صرف فروری کے مہینے میں 0.6 فیصد بڑھوتری ریکارڈ کی گئی۔ سالانہ تقابل میں تقریباً تمام خودمختار علاقوں میں کرایے بڑھے ہیں۔ سب سے زیادہ اضافہ کاسٹیلا لا مانچا میں 13.2 فیصد ریکارڈ کیا گیا، اس کے بعد ویلنسیئن کمیونٹی 11.4 فیصد، کمیونٹی آف میڈرڈ 10.8 فیصد، اندلس 9.3 فیصد اور مرثیا 9 فیصد کے ساتھ نمایاں رہے۔
قیمتوں کے لحاظ سے کمیونٹی آف میڈرڈ بدستور سب سے مہنگا علاقہ ہے جہاں اوسط کرایہ 21.3 یورو فی مربع میٹر تک پہنچ چکا ہے۔ اس کے بعد بالیاری جزائر 19.5 یورو اور کاتالونیا 18.2 یورو کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ اس کے برعکس ایکستریمادورا اور کاسٹیلا لا مانچا سب سے سستے علاقے قرار پائے ہیں۔
صوبائی سطح پر بھی 50 میں سے 49 صوبوں میں کرایوں میں اضافہ ہوا۔ صرف بارسلونا وہ واحد صوبہ ہے جہاں 1.5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ دارالحکومتوں میں بھی تقریباً ہر جگہ قیمتیں بڑھیں، تاہم بارسلونا شہر میں 1.2 فیصد کمی سامنے آئی۔
Idealista کے ترجمان کے مطابق جن علاقوں میں کرایوں پر سرکاری حد مقرر کی گئی ہے وہاں وقتی طور پر قیمتوں میں کمی آئی ہے، لیکن اس کے ساتھ ہی دستیاب مکانات کی تعداد کم ہو گئی ہے اور کرایہ داروں کے درمیان مقابلہ بڑھ گیا ہے، جس سے متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کے لیے رہائش حاصل کرنا مزید مشکل بنتا جا رہا ہے۔