اسپین میں کرایہ کنٹرول کا نیا قانون نافذ، حکومت کی 2 فیصد حد مقرر

IMG_3976

بارسلونا/ ہسپانوی اعظم پیدروسانچز نے کرایوں میں اضافے کو محدود کرنے کے لیے نیا قانون نافذ کر دیا ہے جو 22 مارچ 2026 سے عمل میں آ چکا ہے۔ اس قانون کے تحت مکان مالکان اب سالانہ کرایہ میں 2 فیصد سے زیادہ اضافہ نہیں کر سکیں گے، اور یہ حد 31 دسمبر 2027 تک برقرار رہے گی۔

حکومتی فیصلے کے مطابق یہ پابندی ایسے معاہدوں پر بھی لاگو ہوگی جن میں کرایہ بڑھانے کی مختلف شرائط درج ہوں، تاہم بعض صورتوں میں باہمی رضامندی سے تبدیلی ممکن ہوگی۔ قانون میں بڑے اور چھوٹے مالکان کے درمیان واضح فرق رکھا گیا ہے۔ بڑے مالکان، جن کے پاس متعدد جائیدادیں ہیں، ہر صورت 2 فیصد حد کے پابند ہوں گے، جبکہ چھوٹے مالکان کرایہ دار کے ساتھ بات چیت کر سکتے ہیں، لیکن اگر اتفاق نہ ہو تو 2 فیصد کی حد خود بخود لاگو ہو جائے گی۔

مزید برآں، وہ کرایہ دار جن کے معاہدے 2026 یا 2027 میں ختم ہو رہے ہیں، انہیں دو سال تک لازمی توسیع حاصل کرنے کا حق دیا گیا ہے۔ مکان مالک اس توسیع کو صرف مخصوص حالات میں ہی مسترد کر سکتا ہے، جیسے کہ اگر اسے ذاتی استعمال کے لیے مکان درکار ہو۔

حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد کرایوں میں بے تحاشا اضافے کو روکنا، کرایہ داروں کو استحکام فراہم کرنا اور رہائشی اخراجات کو آمدنی کے 30 فیصد کے اندر رکھنا ہے۔

یہ قانون ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عالمی سطح پر مہنگائی، توانائی کی بڑھتی قیمتیں اور بڑے شہروں میں رہائش کی کمی جیسے مسائل شدت اختیار کر چکے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس قانون سے لاکھوں کرایہ داروں کو فوری ریلیف ملے گا، تاہم اس کے طویل مدتی اثرات کا انحصار مارکیٹ کی صورتحال پر ہوگا۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے