رودالیز رینفے ٹرین کے مفت پاسز میں 30 اپریل تک توسیع
Screenshot
کاتالونیا میں مضافاتی ٹرین سروس رودالیز رینفے کاتالونیا ٹرین کے مفت سفری پاسز کو مزید ایک ماہ کے لیے بڑھا کر 30 اپریل تک کر دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ ہسپانوی وزارتِ ٹرانسپورٹ، رینفے ،ایدیف اور کاتالان حکومت (گورن) کے درمیان اتفاق کے بعد کیا گیا ہے۔ یہ سہولت پہلے 31 مارچ کو ختم ہونے والی تھی۔
یہ مفت سہولت 26 جنوری کو اس وقت متعارف کرائی گئی تھی جب جیلیدا ٹرین حادثہ کے بعد ریلوے نیٹ ورک میں شدید خلل پیدا ہوا تھا۔ اس حادثے کے بعد نہ صرف متاثرہ لائن (R-4) بند ہوئی بلکہ پورے ریلوے نظام کا ازسرِ نو جائزہ بھی شروع کیا گیا، جو اب بھی جاری ہے۔
کاتالونیا کی وزیر برائے علاقہ جاتی ترقی، سیلویا پانےکے، پہلے ہی واضح کر چکی تھیں کہ جب تک ٹرین سروس مکمل طور پر معمول پر نہیں آتی، اس وقت تک مفت سفری سہولت جاری رکھی جائے گی۔ حکام کے مطابق اپریل کے آخر تک 90 فیصد رفتار کی عارضی پابندیاں ختم ہو جائیں گی، تاہم مکمل بحالی مئی کے آغاز تک ممکن ہے۔
مسلسل تاخیر، ٹرینوں کی منسوخی اور دیگر مسائل کے باعث مسافروں کی تعداد میں واضح کمی دیکھی گئی ہے۔ 2025 میں ماہانہ سفر کی تعداد 80 لاکھ سے 1 کروڑ کے درمیان تھی، جبکہ 2026 کے پہلے دو مہینوں میں یہ تعداد 60 لاکھ تک بھی نہ پہنچ سکی۔ جنوری میں 57 لاکھ 40 ہزار اور فروری میں 57 لاکھ 60 ہزار سفر ریکارڈ کیے گئے۔
یہ مفت پاسز مسافروں کو 10 سفر بغیر کسی قیمت کے کرنے کی اجازت دیتے ہیں۔ یہ پاس 30 اپریل 2026 تک یا 10 سفر مکمل ہونے تک استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
دو اقسام کے پاس دستیاب ہیں:
- بارسلونا رودالیز کے لیے، جو تمام زونز میں کارآمد ہے
- علاقائی ٹرینوں کے لیے، جو مخصوص روٹ کے لیے مختص ہوتا ہے
یہ پاسز ٹکٹ کھڑکیوں اور خودکار مشینوں سے بغیر کسی رجسٹریشن یا ضمانت کے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ ایک ہی پاس کو کئی افراد استعمال کر سکتے ہیں، اور ختم ہونے پر نیا پاس مفت حاصل کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ یہ سہولت صرف رودالیز اور علاقائی ٹرینوں تک محدود ہے، جبکہ بعض مخصوص سروسز جیسے Avant Exprés میں نشست کی پیشگی بکنگ ضروری ہوگی۔