مراکش سے منشیات اسپین منتقل کرنے کیلئے بنائی گئی ریل ٹنل پکڑی گئی
Screenshot
اسپین کی پولیس نے شمالی افریقہ کے اسپین کے زیرِ انتظام علاقے سیوٹا میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک خفیہ سرنگ پکڑ لی جس کے ذریعے مراکش سے اسپین میں بھاری مقدار میں چرس اسمگل کی جا رہی تھی۔
پولیس کے مطابق یہ ڈھانچہ ایک صنعتی گودام کے نیچے بنایا گیا تھا اور تین منزلوں پر مشتمل تھا، ایک شافٹ، سامان ذخیرہ کرنے کیلئے کمرہ اور سرنگ شامل تھی۔ اس سرنگ میں ریل سسٹم اور کرینز بھی نصب تھیں تاکہ منشیات کو آسانی سے ہسپانوی علاقے میں منتقل کیا جا سکے۔

اس کارروائی کے دوران حکام نے 17 میٹرک ٹن چرس، 14 لاکھ یورو (16 لاکھ ڈالر) نقدی ضبط کی اور 27 افراد کو گرفتار کیا۔ پولیس نے ضبط شدہ منشیات کی مارکیٹ ویلیو ظاہر نہیں کی۔
بھنگ کے ریزن سے تیار ہونے والی چرس عام طور پر تیز رفتار کشتیوں کے ذریعے سمندر سے اسپین لائی جاتی ہے۔ سیوٹا اور میلیلا یورپی یونین کی واحد زمینی سرحدیں ہیں جو افریقہ سے جڑی ہیں، اسی وجہ سے اسپین یورپ میں ہیشش کے داخلے کا بڑا مرکز سمجھا جاتا ہے۔
یورپی یونین کے منشیات ادارے کے مطابق 2023 میں یورپ میں ضبط ہونے والی ریزن کی مجموعی مقدار میں سے 68 فیصد اسپین میں پکڑی گئی تھی۔