برگوس میں مزدوروں کا احتجاج: تین ماہ کی تنخواہ نہ ملنے پر دو کارکن کرین پر چڑھ گئے
Screenshot
اسپین کے شہر برگوس کے علاقے فوینتیسیا میں دو تعمیراتی مزدوروں نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کرین پر چڑھ کر تقریباً تین گھنٹے تک احتجاج کیا۔ یہ واقعہ صبح 11:30 بجے شروع ہوا اور دوپہر کے بعد 14:15 بجے کے قریب ختم ہوا۔
دونوں مزدور، جو غیر ملکی نژاد ہیں، نے الزام لگایا کہ انہیں گزشتہ تین ماہ سے تنخواہ نہیں دی گئی اور ان کے پاس باقاعدہ ملازمت کا معاہدہ بھی موجود نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ انتہائی مشکل حالات میں رہ رہے ہیں اور کرایہ بھی خود برداشت کر رہے ہیں۔
احتجاج کے دوران پولیس، فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور صورتحال کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی۔ مذاکرات کے لیے مختلف افراد کو شامل کیا گیا جن میں ایک پولیس اہلکار، عربی زبان جاننے والا ٹریڈ یونین (CCOO) کا نمائندہ اور ایک مذہبی رہنما بھی شامل تھا تاکہ مزدوروں سے بہتر رابطہ قائم کیا جا سکے۔
مذاکرات کے بعد ایک مزدور نے دوپہر 1:45 بجے کرین سے نیچے اترنے پر رضامندی ظاہر کی، جبکہ دوسرا مزدور کچھ دیر بعد 2:15 بجے نیچے آیا۔ دونوں کو طبی امداد دی گئی اور بعد ازاں پولیس گاڑی میں منتقل کر دیا گیا۔
مقامی ٹریڈ یونین کے مطابق یہ مزدور بغیر رسمی معاہدے کے کام کر رہے تھے اور ان کی تین ماہ کی اجرت واجب الادا ہے۔ یونین نے اس صورتحال کو مزدوروں کے حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے اور تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔