ایلون مسک کی پیدرو سانچیز پر شدید تنقید، غیر قانونی تارکین وطن کی ریگولرائزیشن پر “غداری” کا الزام
Screenshot
میڈرڈ / واشنگٹن / معروف امریکی بزنس مین اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” کے مالک ایلون مسک نے ایک بار پھر اسپین کے وزیر اعظم پیدرو سانچیز پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہیں “غداری” کا مرتکب قرار دیا ہے۔ یہ تنازع اس وقت مزید بڑھ گیا جب اسپین میں غیر قانونی تارکین وطن کی بڑی تعداد کو قانونی حیثیت دینے کے نئے عمل کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
مسک نے اپنے پلیٹ فارم “ایکس” پر ایک پوسٹ میں کہا کہ “سُخـت سانچیز غداری کا مرتکب ہے”، جس سے یورپی سیاست میں ایک نیا ہنگامہ کھڑا ہو گیا۔ ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سانچیز حکومت تقریباً پانچ لاکھ تارکین وطن کو قانونی درجہ دینے کی پالیسی پر عمل شروع کر رہی ہے۔
یہ فیصلہ اسپین کے اندر پہلے ہی سیاسی بحث کا باعث بنا ہوا ہے، جہاں حکومت اسے انسانی ہمدردی اور معاشی ضرورت قرار دے رہی ہے جبکہ اپوزیشن اسے غیر مؤثر اور متنازع اقدام کہہ رہی ہے۔
سانچیز نے اپنی حالیہ تقریر میں کہا تھا کہ اسپین تارکین وطن کی سرزمین ہے اور اسے نفرت کی سیاست کا مرکز نہیں بننے دیا جائے گا۔ ان کے مطابق تارکین وطن ملک کی معیشت اور سماجی ڈھانچے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
ایلون مسک پہلے بھی متعدد بار سانچیز کی پالیسیوں پر تنقید کر چکے ہیں، خاص طور پر سوشل میڈیا ریگولیشن اور امیگریشن سے متعلق فیصلوں پر۔ تاہم اس بار “غداری” جیسے سخت الفاظ کے استعمال نے بحث کو مزید شدت دے دی ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق یہ معاملہ صرف ایک بیان تک محدود نہیں رہا بلکہ یہ ٹیکنالوجی، سیاست اور عالمی پالیسیوں کے بڑھتے ہوئے ٹکراؤ کی علامت بنتا جا رہا ہے، جہاں بڑے ٹیک بزنس مین اور حکومتیں ایک دوسرے کے سامنے آ رہی ہیں۔