بیگونیا گومیز کی ویتو کوئلیس کے خلاف ہراسانی کی شکایت، پولیس میں مقدمہ درج
Screenshot
اسپین کے وزیرِاعظم پیدروسانچز کی اہلیہ بیگونیا گومیز نے صحافی ویتو کوئلیس کے خلاف ہراسانی کی باقاعدہ شکایت نیشنل پولیس میں درج کرا دی ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ بدھ کے روز Las Rozas میں ایک کیفے میں پیش آیا، جہاں ویتو کوئلیس اچانک داخل ہوئے، بیگونیا گومیز سے سوالات کرنے لگے اور اپنے موبائل فون سے ویڈیو ریکارڈنگ شروع کر دی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بیگونیا گومیز وہاں سے نکلنے کی کوشش کر رہی تھیں جبکہ ان کے ساتھ موجود دو افراد کوئلیس کو روکنے کی کوشش کر رہے تھے۔ تاہم حکومت کا کہنا ہے کہ یہ ویڈیو ادھوری اور ایڈیٹ شدہ ہے، اور اس کا ایک اہم حصہ منظرِ عام پر نہیں لایا گیا۔
حکومت کے مطابق کوئلیس نے نہ صرف انہیں روکنے کی کوشش کی بلکہ ان کے راستے میں رکاوٹ ڈال کر ہراساں اور خوفزدہ بھی کیا۔ اس واقعے کے فوراً بعد بیگونیا گومیز نے پولیس اسٹیشن جا کر باقاعدہ شکایت درج کرا دی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں ممکنہ طور پر ہراسانی، دھمکی اور حتیٰ کہ جسمانی مداخلت جیسے الزامات بھی شامل ہو سکتے ہیں، تاہم شکایت کی مکمل قانونی تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئی ہیں۔
دوسری جانب، وزیرِاعظم پیدرو سانچیز اس واقعے پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں، جبکہ حکومت کا مؤقف ہے کہ کسی شہری کے ساتھ اس طرح کا رویہ قابلِ قبول نہیں اور اسے معمول نہیں بنایا جا سکتا۔