لامین یامال کا فلسطینی پرچم لہرانا “یکجہتی” کا اظہار ہے، پیدرو سانچیز
Screenshot
ہسپانوی وزیرِاعظم پیدرو سانچیز نے بارسلونا کے کھلاڑی لامین یامال کی جانب سے لا لیگا ٹائٹل کی تقریب کے دوران فلسطینی پرچم لہرانے پر جاری تنازع پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عمل “یکجہتی” کا اظہار ہے۔
وزیرِاعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں اسرائیل کی جانب سے ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ “جو لوگ کسی ریاست کا پرچم لہرانے کو ‘نفرت کو ہوا دینا’ سمجھتے ہیں، وہ یا تو اپنی عقل کھو بیٹھے ہیں یا اپنی ہی بدنامی کی وجہ سے اندھے ہو چکے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “لامین نے صرف فلسطین کے ساتھ وہ یکجہتی ظاہر کی ہے جو لاکھوں ہسپانوی عوام محسوس کرتے ہیں۔ یہ اس پر فخر کرنے کی ایک اور وجہ ہے۔”
یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب اسرائیل کے وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے لامین یامال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات نفرت کو ہوا دیتے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا اس قسم کے پیغامات کو انسانی یا اخلاقی سمجھا جا سکتا ہے، اور کہا کہ وہ اسرائیل اور یہودی عوام کے خلاف کسی بھی اشتعال انگیزی پر خاموش نہیں رہیں گے۔
یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب لامین یامال نے بارسلونا میں لا لیگا جیتنے کی خوشی میں نکالی گئی پریڈ کے دوران فلسطینی پرچم لہرایا، جس کے بعد مختلف حلقوں میں شدید ردعمل سامنے آیا۔