آخری منزل کے لئے باوقار بن کر جائیں،چندہ نہیں ممبر بنیں ،فیض اللہ ساہی

بارسلونا/موت کا ذائقہ ہر ذی روح نے چکھنا ہے۔پردیس کی موت وطن میں آنے والی موت سے زیادہ درد ناک ہے،ہر انسان چاہتا ہے کہ وہ مرنے کے بعد اپنے آبائی وطن اور اپنے پیاروں کے ساتھ دفن ہو،لیکن اس کے لئے تیاری نہیں کرتا ان خیالات کا اظہارپاک فیڈریشن اسپین کے صدر فیض اللہ ساہی نے منڈی بہاؤالدین سے تعلق رکھنے والے کاروباری اور سماجی شخصیات چوہدری گلریز احمد بوگا،اشرف ورک،احمد شیر،عمران تارڑ ،نعیم بھٹی اورچوہدری صفدررانجھا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفات کے بعد اکثر میتیوں کے لئے چندہ جمع کرنا پڑتا ہے جو کہ نہایت نامناسب ہے،انسان تمام عمر کماتا ہے لیکن سفر آخرت چندہ پر ہوتا ہے،ہم بحیثیت قوم مالی معاملات میں غیرت کا مظاہرہ کرتے ہیں،اور دنیا میں فراخ دل سب سے زیادہ چیریٹی کرنے والے ہیں۔ ہمیں چاہئیے کہ تمام پاکستانی کسی ناکسی تنظیم کا حصہ بن کر تدفین کمیٹی کے ممبر بنیں تاکہ میت باعزت طور پر پاکستان روانہ ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ آج منڈی بہاؤالدین کے لوگوں سے بات کرنے کا مقصد یہ ہے کہ وہ اپنے لوگوں کو پہلے سے موجود تدفین کمیٹیوں کا ممبر بنائیں،یا منڈی بہاؤالدین کے باشندوں پر مشتمل اپنی تدفین کمیٹی بنا لیں جس کے تمام ضلع منڈی بہاؤالدین اور گرد نواح کے لوگ ممبر بنیں اگر یہ نہیں کرسکتے تو اعلان کریں کہ ضلع منڈی بہاؤالدین کا کوئی فرد اگر اسپین میں وفات پا جاتا ہے تو ہم لوگ ذمہ دار ہیں اس کی میت کو اس کے آبائی شہر یا گاؤں پہنچائیں گے

فیض اللہ ساہی نے تمام دوستوں کو کہا کہ اپنے قریبی احباب سے مشورہ کریں اور پھر ایک بڑی میٹنگ بلاتے ہیں جس میں تدفین کے حوالہ سے کوئی فیصلہ لیا جائے گا۔
اس پہلی میٹنگ میں پی ٹی آئی اسپین کے صدر محمد شیراز بھٹی،صدر کسال ایسوسی ایشن حافظ عبدالرزاق صادق اور چئیرمین دوست میڈیا گروپ ڈاکٹر قمرفاروق بھی موجود تھے