بارسلونا/ پاکستان مسلم لیگ ن اسپین کے زیر اہتمام جشن آزادی پاکستان کا بڑا پروگرام مونال ریسٹورنٹ پر انعقاد کیا گیا۔پروگرام کے مہمان خصوصی چیئرمین اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن (OPF)سید قمر رضا تھے۔اور صدارت صدر مسلم لیگ ن اسپین حاجی راجہ اسد حسین نے کی

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے ہوا جس کی سعادت رضوان کاظمی،محمد زاہد کیانی اور قدیراے خان نے حاصل کی،جبکہ نظامت کے فرائض راجہ ساجد محمود نے سرانجام دئیے۔
قدیر اے خان نے صوفی کلام کے ساتھ ملی نغمے گا کر موحول کو گرمایا اس دوران پاکستان زندہ باد،پاک فوج زندہ باد،سید عاصم منیر زندہ باد،میاں شہباز شریف زندہ باد کے پرجوش نعرے بلند کئے گئے۔

قومی ترانہ بجایا گیا جس کے احترام میں تمام شرکاء کھڑے رہے۔مسلم لیگی نوجوان رہنما چوہدری ایاز مٹھانہ چک نے جذبات سے بھر پور خطاب کیا اور کہا کہ تمام جماعتوں سے بالاتر ہو کر ہمیں صرف اور صرف پاکستان کی بات کرنی چاہئیے اور پاکستان کی سلامتی کے لئے متحد ہونا چاہئیے۔

مقررین نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانیوں کو 79 واں یوم آزادی کی مبارک دی اور کہا کہ قیام پاکستان سے قبل ، قیام پاکستان کے بعد تا حال شہیدوں ، غازیوں اور تمام شہدا سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، جن کی لازوال قربانیوں کی بدولت آج ہم آزاد ہیں۔

صدرپاکستان مسلم لیگ ن سپین نےپاکستانی قوم کو یومِ آزادی کی دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 14 اگست محض جشن نہیں بلکہ وطن کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ‘ایمان، اتحاد اور تنظیم’ کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔

اس موقع پر مقررین مہمان خصوصی سید قمر رضا شاہ چیئرمین اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن،حاجی راجہ اسد حسین صدر مسلم لیگ ن سپین، کینیڈا سے مسلم لیگی رہنما سہیل وڑائچ،چوہدری ایازمٹھانہ، راجو الیگزینڈر نے پاکستان سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں پاکستان سے دور رہتے ہوئے آپس کے اتحاد کی اشد ضرورت ہے۔ ہم پاکستان کا بہترین تشخص اسی وقت سامنے لا سکتے ہیں جب ہم آپس میں اتفاق واتحاد کا مظاہرہ کریں گے،پاکستان سے باہر بسنے والا ہر پاکستانی پاکستان کا سفیر ہے اور ہمیں پاکستان کی عزت اور وقار کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

پروگرام میں شرکت کرنے والے مہمانوں کو حاجی راجہ اسد حسین، چوہدری محمد ادریس ، عمران صابر ،راجہ ساجد محمود ،چوہدری ایاز مٹھانہ چک اور دیگرنے پھولوں کے گلدستے پیش کرکے پرتپاک استقبال کیا
