اسلام کا اصل پیغام محبت، اخوت اور بھائی چارہ ہے، نفرتوں کو ختم کرکے متحد ہونے کی ضرورت ہے، سید امبر چشتی
والدین کی خدمت اور ان کے لیے ایصالِ ثواب کرنا اولاد کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے، دعائیہ تقریب سے خطاب
بارسلونا (سپین ٹوڈے اردو) مرکز منہاج القرآن بارسلونا میں راہی برادران کے والد محترم کی سالانہ برسی اور ایصال ثواب کے سلسلے میں ایک پروقار دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کے مہمان خصوصی دربار عالیہ خواجہ غریب نواز اجمیر شریف انڈیا سے تشریف لائے ہوئے حاجی سید امبر چشتی تھے جنہوں نے خصوصی خطاب فرمایا اور دعا کرائی۔

اسٹیج سیکریٹر ی کے فرائض حافظ موسیٰ نے انجام دیے۔ میزبان ابرا ر احمد راہی، چوہدری ظہیر عاطف، وقار احمد راہی، حسنین کشمیری، علی حیدر کشمیری تھے۔ حاجی سید امبر چشتی نے مرحوم کے لیے دعا مغفرت کی اور کہا کہ والدین کی خدمت اور ان کے لیے ایصال ثواب کرنا اولاد کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔

سید امبر چشتی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج امت مسلمہ کو سب سے زیادہ اتحاد کی ضرورت ہے۔ مسلک، فرقہ، زبان اور علاقے کے نام پر تقسیم ہونا اسلام کی تعلیم نہیں۔ قرآن کہتا ہے کہ سب مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں۔ ہمیں ایک دوسرے کے دکھ درد کو سمجھنا ہے ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہے اور بیرون ملک میں ایک قوم بن کر رہنا ہے۔ جہاں مسلمان متحد ہوں گے وہاں عزت بھی ہوگی اور ترقی بھی ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ اسلام کا اصل پیغام محبت ہے۔ نبی کریم ﷺ نے محبت، رحم دلی اور معافی کا درس دیا۔

خواجہ غریب نواز رحمۃ اللہ علیہ نے بھی اسی محبت سے لاکھوں دلوں کو جیتا۔ انہوں نے فرمایا کہ جو شخص اپنے دل میں دوسروں کے لیے نفرت رکھتا ہے وہ سچا عاشق رسول ﷺ نہیں ہو سکتا۔ ہمیں اپنے گھروں، مساجد اور کمیونٹی میں محبت کو عام کرنا ہے۔حاجی سید امبر چشتی نے فرمایا کہ دین اسلام کے بنیادی اصول توحید، رسالت، نماز، روزہ، زکوٰۃ، حج، سچائی، امانت، صبر اور شکر ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ صرف نام کا مسلمان ہونا کافی نہیں ہمیں اپنے کردار سے اسلام کو دکھانا ہے۔ ہمارا کاروبار سچا ہو، ہمارا اخلاق اچھا ہو، ہمارے بچے نماز اور قرآن سے جڑے ہوں، تب ہی ہم حقیقی مسلمان کہلائیں گے۔انہوں نے درگاہوں کے مقصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ درگاہیں شرک یا بدعت کی جگہ نہیں بلکہ اللہ والوں کے آستانے ہیں جہاں سے اللہ کی یاد، توبہ، اصلاح نفس اور محبت رسول ﷺ کا سبق ملتا ہے۔ درگاہ کا مقصد یہ ہے کہ انسان اپنے دل کو صاف کرے، تکبر ختم کرے، غریبوں کی خدمت کرے اور اللہ سے جڑ جائے۔ خواجہ صاحب کی درگاہ سے آج بھی یہی پیغام ملتا ہے کہ غریب نوازی کرو، بھوکوں کو کھانا کھلاؤ، اور ہر انسان سے محبت کرو۔

آخر میں انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر کی خصوصی دعا کرائی۔ مہمانوں میں راجہ نامدار اقبال، ملک شہباز صدر پی ٹی آئی سپین، راجہ امجد خالق، ظفر اقبال، ناہید زمان مغل ،وقاص چوہدری اور عثمان غنی اور دیگر شامل تھے۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء کے لیے لنگر کا اہتمام کیا گیا اور میزبانوں نے مہمان خصوصی و تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
