اسپین میں مقیم پاکستانی نژاد ملک عمران نے پہلی مرتبہ ہسپانوی سیاست میں قدم رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا مقصد ذاتی مفادات کے بجائے عوامی مسائل کے حل اور معاشرے کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

اپنے ایک خصوصی بیان میں ملک عمران نے کہا کہ اللہ کے فضل سے ان کی معاشی زندگی مطمئن ہے، تاہم ان کے نزدیک ذاتی خوش حالی سے زیادہ اہمیت اس بات کی ہے کہ جس معاشرے میں انسان رہتا ہے، وہاں لوگوں کو درپیش روزمرہ مشکلات کے حل میں اپنا حصہ ڈالے۔
انہوں نے کہا کہ سیاست میں آنے کا فیصلہ اسی سوچ کے تحت کیا ہے تاکہ اپنے خیالات متعلقہ فورمز پر پیش کر سکیں، عملی اقدامات کے لیے کوشش کریں اور عوامی مسائل کی آواز بنیں۔
ملک عمران نے اپنے سیاسی سفر کی ابتدائی ترجیحات کا ذکر کرتے ہوئے چار اہم مسائل کی نشاندہی کی ہے۔
پاکستان میں ہسپانوی سفارت خانے کی اپائنٹمنٹ کا مسئلہ: ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اسپین کے سفارت خانے سے ویزا اور دیگر ضروری دستاویزات کے لیے اپائنٹمنٹ حاصل کرنا بہت سے خاندانوں کے لیے مشکل بن چکا ہے، جس کا مؤثر حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔
شہریوں کی حفاظت: انہوں نے کہا کہ ایسا محفوظ ماحول ہونا چاہیے جہاں خاندان بلا خوف و خطر اپنے بچوں کے ساتھ باہر نکل سکیں اور روزمرہ زندگی سکون سے گزار سکیں۔
مکانات اور کرایوں میں اضافہ: ملک عمران کے مطابق گھروں کی بڑھتی ہوئی قیمتیں اور کرائے عام خاندانوں کے لیے بڑا مسئلہ بن رہے ہیں، اس لیے مناسب رہائش کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات ضروری ہیں۔
بارسلونا کے قریب کرکٹ گراؤنڈ: انہوں نے نوجوانوں کے لیے کھیلوں کی سہولیات بہتر بنانے اور بارسلونا کے آس پاس ایک معیاری کرکٹ گراؤنڈ تعمیر کرنے کی خواہش بھی ظاہر کی، تاکہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو آگے بڑھا سکیں۔
ملک عمران کے مطابق آنے والے پیر کو ان کی اپنی پارٹی کی اہم شخصیات کے ساتھ ایک نجی ملاقات طے ہے، جس میں وہ ان تمام تجاویز کو پیش کریں گے تاکہ مستقبل میں انہیں عملی منصوبوں کی شکل دینے کے امکانات پر بات ہو سکے۔
انہوں نے اپنے نئے سوشل میڈیا پیج MALIK IMRAN کے آغاز کا بھی اعلان کیا ہے، جہاں وہ اپنی ذاتی زندگی اور سیاسی سرگرمیوں سے متعلق معلومات شیئر کریں گے۔
اپنے بیان کے اختتام پر انہوں نے سیاسی اختلافات کا احترام کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر شہری کو اپنی پسند کی سیاسی جماعت کو ووٹ دینے کا حق حاصل ہے۔ ان کے نزدیک سیاست اقتدار یا ذاتی فائدے کے بجائے عوامی خدمت اور لوگوں کے مسائل حل کرنے کا ذریعہ ہونی چاہیے۔
