اسپین کے شہر مالاگا میں نیشنل پولیس نے سیاحوں کے موبائل فون چوری کرنے کے الزام میں 34 سالہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم شہر کے مرکزی علاقے میں واقع ریسٹورنٹس اور بارز کی بیرونی میزوں پر بیٹھے سیاحوں کو نشانہ بناتا تھا۔ پولیس کے مطابق گرفتار شخص کا تعلق کاتالونیا میں پیش آنے والی اسی نوعیت کی دیگر وارداتوں سے بھی جوڑا جا رہا ہے۔
پولیس کی تحقیقات کے مطابق ملزم چوری کی وارداتوں کے لیے ایک خاص طریقہ استعمال کرتا تھا۔ وہ کسی بہانے سے ریسٹورنٹ کی میزوں پر بیٹھے گاہکوں کے قریب پہنچتا اور اپنے ہاتھ میں موجود اخبار کو ان کے موبائل فون کے اوپر رکھ دیتا تھا۔ اس دوران وہ باتوں یا کسی دوسری حرکت کے ذریعے گاہکوں کی توجہ ہٹاتا اور موقع ملتے ہی اخبار کے نیچے رکھا موبائل فون اٹھا کر فرار ہو جاتا تھا۔
مالاگا کے سینٹرل ڈسٹرکٹ پولیس اسٹیشن سے وابستہ اہلکاروں نے مختلف شکایات کا جائزہ لیتے ہوئے وارداتوں کے مقامات اور اوقات کا تجزیہ کیا۔ اس کے بعد مشتبہ افراد کی نگرانی کے لیے خصوصی آپریشن شروع کیا گیا۔
پولیس کارروائی کے دوران ملزم کو شہر کی الارسون لوخان (Alarcón Luján) اسٹریٹ سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ مبینہ طور پر ایک اور ریسٹورنٹ کی بیرونی میز پر بیٹھے گاہک کو نشانہ بنانے کی تیاری کر رہا تھا۔ پولیس نے اسے مبینہ واردات سے پہلے ہی رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔
عدالت نے ملزم کے خلاف عبوری اقدام کے طور پر شہر کی حدود میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
دوسری جانب مالاگا کی صوبائی پولیس نے شہریوں اور سیاحوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ عوامی مقامات پر اجنبی افراد سے محتاط رہیں، خصوصاً ایسے افراد سے جو نقشے، اخبارات یا کسی بہانے سے ان کے قریب آنے کی کوشش کرتے ہیں۔
پولیس نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے موبائل فون، بٹوے اور دیگر قیمتی اشیا ہمیشہ محفوظ رکھیں، خاص طور پر سیاحتی مراکز، تاریخی علاقوں اور رش والی جگہوں پر جہاں جیب تراش اور چور سرگرم ہو سکتے ہیں۔
