اسپین میں بجلی کی تقسیم کار کمپنی ایندیسا (Endesa) کی ذیلی کمپنی ای ڈسٹری بیوشن (e-distribución) نے انکشاف کیا ہے کہ سال 2026 کے پہلے نو ماہ کے دوران کاتالونیا میں بجلی چوری کے 18 ہزار 929 واقعات سامنے آئے ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ کاتالونیا میں روزانہ اوسطاً 69 سے زائد بجلی چوری کے واقعات ریکارڈ کیے گئے، یعنی ہر 21 منٹ بعد بجلی چوری کا ایک نیا واقعہ سامنے آتا ہے۔
کمپنی کے مطابق ان واقعات میں چوری ہونے والی بجلی کی مجموعی مقدار 314.5 ملین کلوواٹ آور (kWh) رہی، جو تقریباً 90 ہزار گھروں کی ایک سال کی بجلی کی ضروریات کے برابر ہے۔
صوبائی اعداد و شمار کے مطابق بارسلونا میں بجلی چوری کے 14 ہزار 207 واقعات ریکارڈ کیے گئے، جہاں چوری شدہ بجلی کی مقدار 225.4 ملین کلوواٹ آور رہی۔ گیرونا میں 2 ہزار 356، تاراگونا میں ایک ہزار 645 اور لئیڈا میں 721 واقعات سامنے آئے۔
پورے اسپین میں جنوری سے ستمبر 2026 تک بجلی چوری کے 56 ہزار 317 واقعات کا پتا چلا، جن میں سے 18 ہزار 929 کاتالونیا میں ہوئے۔ اس طرح اسپین میں سامنے آنے والے بجلی چوری کے تقریباً 33.6 فیصد واقعات کا تعلق کاتالونیا سے ہے۔
تاہم بجلی چوری کی مقدار کے لحاظ سے کاتالونیا کا حصہ تقریباً 50 فیصد بنتا ہے۔ اسپین بھر میں چوری شدہ بجلی کی مجموعی مقدار 630.6 ملین کلوواٹ آور تھی، جس میں سے 314.5 ملین کلوواٹ آور کاتالونیا میں چوری ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق کاتالونیا میں بجلی چوری کے واقعات کا ایک اہم تعلق گانجے اور چرس کی غیر قانونی کاشت کے مراکز سے بھی ہے۔ اسپین میں اس نوعیت کے بجلی چوری کے مجموعی واقعات میں سے 27 فیصد کاتالونیا میں سامنے آئے ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ پولیس کارروائیوں کے دوران غیر قانونی بجلی کنکشن منقطع کیے جانے کے باوجود بعض مقامات پر دوبارہ کنکشن لگا دیے جاتے ہیں، جس سے بجلی کا نظام شدید دباؤ کا شکار ہو جاتا ہے۔
ایندیسا کے مطابق غیر قانونی کنکشنز کے باعث بجلی کی تاروں اور ٹرانسفارمرز پر ضرورت سے زیادہ بوجھ پڑتا ہے، جس کے نتیجے میں فیوز جلنے اور بجلی کی فراہمی منقطع ہونے کے واقعات پیش آتے ہیں۔ بعض علاقوں میں روزانہ 15 تک فیوز جلنے کی شکایات سامنے آئی ہیں، جس سے قانونی طور پر بجلی استعمال کرنے والے خاندان اور کاروبار بھی متاثر ہوتے ہیں۔
کمپنی نے خبردار کیا ہے کہ غیر قانونی کنکشنز سے بجلی کا کرنٹ لگنے، آگ لگنے، تاریں گرم ہونے اور دھماکوں جیسے سنگین حادثات کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔
مزید برآں، بجلی چوری کے خلاف کارروائی کرنے والے تکنیکی ملازمین پر حملوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ کمپنی کے مطابق 2024 کے مقابلے میں حملوں کی تعداد تین گنا سے زیادہ ہو چکی ہے، جبکہ ستمبر 2026 تک ہونے والے حملے پورے 2025 کے مقابلے میں تقریباً 20 فیصد زیادہ ہو چکے تھے۔
