موجودہ عالمی حالات، بڑھتی ہوئی جغرافیائی کشیدگی، سائبر حملوں اور مختلف ممالک میں سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر یورپی یونین نے شہریوں کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔ یورپی کمیشن نے 26 مارچ 2025 کو اپنی تیاری کی حکمت عملی جاری کرتے ہوئے پہلی مرتبہ سفارش کی تھی کہ یورپ کے ہر گھر میں کم از کم 72 گھنٹوں کے لیے ضروری سامان کا ہنگامی ذخیرہ موجود ہونا چاہیے۔
ان دنوں سوشل میڈیا پر 17 نومبر کو دنیا بھر میں بجلی کے بڑے بلیک آؤٹ کی افواہیں بھی گردش کر رہی ہیں۔ اس افواہ کو امریکی کارٹون سیریز ’دی سمپسنز‘ کی ایک قسط سے جوڑا جا رہا ہے، جس میں 17 نومبر کو شدید برفانی طوفان کے باعث بجلی بند ہونے کا منظر دکھایا گیا تھا۔
تاہم، اس حوالے سے کسی عالمی بلیک آؤٹ کا کوئی سرکاری اعلان یا مستند ثبوت موجود نہیں۔ امریکی فیڈرل کمیونیکیشن کمیشن نے بھی واضح کیا ہے کہ 17 نومبر کو امریکہ میں ہونے والی ہنگامی الرٹ کی مشق محض ایک تجربہ ہے اور شہریوں کو اس سلسلے میں کوئی خصوصی اقدام کرنے کی ضرورت نہیں۔
یورپی یونین کی سفارش کے مطابق ہر گھر میں درج ذیل اشیاء موجود ہونی چاہئیں:
1. پینے کا پانی: ہر فرد کے لیے روزانہ تقریباً تین لیٹر پانی، یعنی تین دن کے لیے کم از کم نو لیٹر۔
2. خوراک: ایسی اشیائے خورونوش جو جلد خراب نہ ہوں اور پکانے کی ضرورت بھی نہ پڑے، مثلاً ڈبہ بند غذائیں، دالیں، خشک میوہ جات، اناج اور دودھ۔
3. روشنی اور بجلی: ٹارچ، اضافی بیٹریاں، پاور بینک اور بیٹری یا دستی طریقے سے چلنے والا ریڈیو۔
4. طبی سامان: ابتدائی طبی امداد کا باکس، ضروری ادویات اور گھر کے افراد کی معمول کی دوائیں۔
5. صفائی کا سامان: سینیٹائزر، گیلے وائپس اور دیگر بنیادی اشیائے صفائی۔
6. نقد رقم اور دستاویزات: چھوٹے نوٹوں میں نقد رقم اور شناختی دستاویزات کی محفوظ فوٹو کاپیاں، جنہیں واٹر پروف تھیلی میں رکھا جائے۔
گھر میں پالتو جانور موجود ہوں تو ان کے لیے بھی تین دن کی خوراک، پانی، ادویات، ویٹرنری ریکارڈ، پنجرہ یا ٹرانسپورٹ باکس، پٹہ، کمبل اور صفائی کا سامان رکھنا چاہیے۔
یورپی یونین کی ان سفارشات کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ بجلی، مواصلات، ٹرانسپورٹ یا ادائیگی کے نظام میں تعطل کی صورت میں شہری کم از کم 72 گھنٹے تک بیرونی امداد کے بغیر اپنی بنیادی ضروریات پوری کر سکیں۔
