اسپین میں سال کی سب سے بڑی خریداری مہموں میں سے ایک بلیک فرائیڈے 2026 جمعہ 27 نومبر کو منایا جائے گا، جبکہ اس کے بعد پیر 30 نومبر کو سائبر منڈے ہوگا۔ ان دونوں مواقع پر مختلف کمپنیاں اور تجارتی ادارے الیکٹرانکس، گھریلو اشیا، کپڑوں اور دیگر مصنوعات پر خصوصی رعایتیں پیش کریں گے۔
یوروپا پریس کی رپورٹ کے مطابق بلیک فرائیڈے میں ابھی کچھ ہفتے باقی ہیں، تاہم متعدد اسٹورز اپنی خصوصی سیل مقررہ تاریخ سے پہلے ہی شروع کر سکتے ہیں۔ اس لیے صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی پسندیدہ برانڈز اور اسٹورز کی ویب سائٹس پر نظر رکھیں تاکہ بہترین آفرز سے فائدہ اٹھا سکیں۔
بہت سے صارفین ان دنوں کو کرسمس کی خریداری پہلے سے مکمل کرنے، اپنے لباس میں تبدیلی لانے اور جدید ٹیکنالوجی کی مصنوعات کم قیمت پر خریدنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
ادائیگیوں سے متعلق ادارے کلارنا (Klarna) کے ایک مطالعے کے مطابق اسپین میں صارفین بلیک فرائیڈے اور سائبر ویک کے دوران اوسطاً 220 یورو خرچ کرنے کی توقع رکھتے ہیں۔ مطالعے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 79 فیصد خریدار ان دنوں کے لیے پہلے سے بجٹ مقرر کرتے ہیں۔
بلیک فرائیڈے کی ابتدا کہاں سے ہوئی؟
بلیک فرائیڈے کی روایت امریکہ میں 1960 کی دہائی میں شروع ہوئی۔ یہ دن تھینکس گیونگ کے اگلے روز منایا جاتا تھا اور کرسمس کی خریداری کے موسم کا آغاز سمجھا جاتا تھا۔ ابتدائی طور پر فلاڈیلفیا کی پولیس نے خریداری کے باعث سڑکوں پر ہونے والی شدید ٹریفک اور رش کی وجہ سے اسے بلیک فرائیڈے کا نام دیا۔
اسپین میں یہ روایت 2010 کے بعد بڑی بین الاقوامی کمپنیوں، خصوصاً ایمیزون کی آن لائن مہمات کے ذریعے متعارف ہوئی اور وقت کے ساتھ اس کی مقبولیت میں اضافہ ہوتا گیا۔
جعلی رعایتوں سے ہوشیار رہیں
اسپین کی صارفین کی تنظیم OCU نے خبردار کیا ہے کہ بلیک فرائیڈے کے دوران بعض مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کے بجائے بڑھ بھی جاتی ہیں۔
تنظیم کے مطابق گزشتہ سال الیکٹرانکس اور گھریلو برقی آلات کی 14 ہزار سے زائد قیمتوں کے تجزیے میں صرف 35 فیصد مصنوعات کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی، جبکہ 37 فیصد مصنوعات پہلے سے مہنگی ہوگئی تھیں۔
OCU نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ خریداری سے پہلے مصنوعات کی قیمتیں نوٹ کریں، مختلف اسٹورز پر قیمتوں کا موازنہ کریں اور غیر معمولی طور پر زیادہ رعایتوں کے دعوؤں پر فوری اعتماد نہ کریں۔
تنظیم نے 11 آن لائن پلیٹ فارمز کے خلاف مبینہ جعلی رعایتوں پر شکایات بھی درج کرائی تھیں۔ قانون کے مطابق رعایت کا حساب گزشتہ 30 دنوں کے دوران وصول کی گئی سب سے کم قیمت کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔
