اسرائیل اور مراکش نے اپنے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ اس سلسلے میں اسرائیل کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے مراکش کا دورہ کیا، جہاں دارالحکومت رباط میں اسرائیل کا مستقل فوجی رابطہ دفتر کھولنے کا اعلان کیا گیا۔
اسرائیلی وزارتِ دفاع کے مطابق اس دورے کا مقصد نئے فوجی رابطہ دفتر کا افتتاح کرنا ہے۔ دفتر کی سربراہی کرنل شیرون ایتاچ کریں گے، جنہیں مراکش میں اسرائیل کا مستقل فوجی اتاشی مقرر کیا گیا ہے۔
وزارتِ دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ اقدام دوست ممالک کے ساتھ فوجی تعاون کو فروغ دینے، دفاعی برآمدات بڑھانے اور اسرائیلی فوج کی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کی حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔ اس تعاون کا مقصد اسرائیل کی خارجہ پالیسی، معیشت اور دفاعی صنعتوں کو بھی تقویت دینا ہے۔
اسرائیلی وفد کی قیادت وزارتِ دفاع کے ڈائریکٹر جنرل، جنرل امیر بارام نے کی، جو وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز کی نمائندگی کر رہے تھے۔ وفد میں اسرائیلی مسلح افواج کے نمائندے بھی شامل تھے، جنہوں نے مراکش کی حکومت کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔
اس موقع پر جنرل امیر بارام نے کہا کہ مراکش اسرائیل کے لیے محض ایک عام دفاعی اتحادی نہیں بلکہ اس سے کہیں زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔
ان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ یہودی تاریخی ورثے کی بنیاد پر استوار ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل ان تعلقات کو مزید وسعت دے کر نئی بلندیوں تک پہنچانا چاہتا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل اور مراکش نے 2020 میں سفارتی تعلقات بحال کیے تھے، جبکہ نومبر 2021 میں دفاعی تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے تھے۔
اسرائیلی وزارتِ دفاع کے مطابق گزشتہ تین برسوں کی جنگ کے دوران بھی دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی اور فوجی تعاون میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
