تارکینِ وطن کا مسئلہ: جرمنی، ڈنمارک، نیدرلینڈز، آسٹریا اور یونان نے روانڈا کے ساتھ پائلٹ منصوبے پر اتفاق کر لیا
یورپ کی پانچ ممالک نے روانڈا کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے جس کے تحت یورپی یونین میں سیاسی پناہ کی درخواستیں مسترد ہونے والے تارکینِ وطن کو افریقی ملک روانڈا منتقل کیا جائے گا۔ اس منصوبے کا مقصد ایسے افراد کو یورپ سے باہر بھیجنا ہے جن کی پناہ کی درخواستیں مسترد ہو چکی ہیں اور جو اپنے آبائی ممالک واپس جانے سے انکار کرتے ہیں۔
اس منصوبے میں جرمنی، ڈنمارک، نیدرلینڈز، آسٹریا اور یونان شامل ہیں۔ ابتدائی طور پر 2027 کے آغاز میں اس منصوبے کا تجرباتی مرحلہ شروع کرنے کا ارادہ ہے، جس کے تحت تقریباً 100 افراد کی گنجائش والا مرکز قائم کیا جائے گا۔ اس تجربے کے ذریعے منصوبے کی انتظامی اور قانونی حیثیت کا جائزہ لیا جائے گا۔
برطانوی حکومت بھی ماضی میں روانڈا کے ساتھ اسی نوعیت کا منصوبہ شروع کرنا چاہتی تھی، تاہم عدالتی کارروائیوں کے باعث اسے روک دیا گیا۔ ڈنمارک نے بھی ایسا منصوبہ آزمانے کی کوشش کی تھی، لیکن وہ بھی آگے نہ بڑھ سکا۔
ڈنمارک کی وزیراعظم میٹے فریڈرکسن نے ویانا میں منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے اسے یورپ کے موجودہ امیگریشن نظام کے مسائل کا عملی حل قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی طور پر یورپی یونین میں داخل ہونے والوں کو یہاں رہنے کا حق نہیں ملنا چاہیے اور اس اقدام سے غیر قانونی ہجرت کی حوصلہ شکنی ہوگی۔
منصوبے کے تحت روانڈا پہنچنے والے افراد کو قانونی رہائشی اجازت نامہ، ملازمت، تربیت اور رہائش کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہیں اپنے آبائی ملک یا کسی تیسرے ملک واپس جانے میں بھی مدد دی جائے گی۔ حکام کے مطابق کسی شخص کے دو ماہ سے زیادہ مرکز میں رہنے کا امکان نہیں۔
اس منصوبے میں کم عمر غیر ساتھی بچوں کو شامل نہیں کیا جائے گا، جبکہ یورپی کمیشن مبصر اور اقوام متحدہ کے ادارے نگرانی کا کردار ادا کریں گے۔
تاہم انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس منصوبے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تارکینِ وطن کو ان کے خاندانوں اور یورپ میں بنائے گئے سماجی تعلقات سے الگ کرکے ایک ایسے ملک بھیجنا جہاں ان کا کوئی جاننے والا نہیں، ان کے لیے مشکلات، استحصال اور بے گھری کا سبب بن سکتا ہے۔
