Screenshot
اسپین کے شہر یعیدہ (Lleida) کے بالافیا (Balàfia) علاقے میں ہفتے کی رات درجنوں افراد کے درمیان شدید لڑائی کے باعث کشیدگی پھیل گئی۔ واقعہ 15 اگست کو تقریباً رات ساڑھے 10 بجے ایویندا دے روزا پارکس کے قریب پیش آیا، جہاں پولیس کو صورتحال پر قابو پانے کے لیے فوری مداخلت کرنا پڑی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق لڑائی میں پاکستانی، مراکشی اور جنوبی امریکی پس منظر رکھنے والے مختلف گروہ شامل تھے۔ پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ جھگڑے کی اصل وجہ کیا تھی۔ ایک مفروضے کے مطابق چند روز قبل علاقے میں پاکستانی دکانوں میں ہونے والی مبینہ چوریوں کے بعد مختلف گروہوں کے درمیان کشیدگی پیدا ہوئی تھی۔
جمعرات کو ان چوریوں کے سلسلے میں دو مراکشی نابالغوں کو گرفتار کیا گیا تھا، جس کے بعد مبینہ طور پر پاکستانی گروپ کی جانب سے ردعمل سامنے آیا۔
لڑائی کے دوران متعدد افراد نے چاقو اور بیس بال بیٹ استعمال کیے جبکہ بعض نے اپنی شناخت چھپانے کے لیے چہرے ڈھانپ رکھے تھے۔ جھڑپ میں تین نوجوان چاقو کے وار سے زخمی ہوئے جبکہ دیگر افراد کو معمولی چوٹیں آئیں۔
زخمیوں کو آرناو دے ویلانوا اسپتال اور CUAP Prat de la Riba منتقل کیا گیا۔ ایک نوجوان کو ابتدائی طور پر تشویشناک حالت میں اسپتال پہنچایا گیا، تاہم بعد میں اس کی حالت بہتر ہوگئی اور اس کی جان کو خطرہ نہیں رہا۔
گواردیا اربانا نے 28 سالہ ایک پاکستانی نوجوان کو چاقو سے حملے کے شبے میں گرفتار کیا۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے گواردیا اربانا کے علاوہ موسوس دِ اسکادرا کی سکیورٹی اور ARRO یونٹ کے اہلکار بھی بڑی تعداد میں موقع پر پہنچے۔
پولیس نے بعد میں بالافیا کے علاقے میں گشت اور سکیورٹی مزید بڑھا دی تاکہ دوبارہ جھڑپوں کو روکا جا سکے۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق 2025 میں یعیدہ کی آبادی 147,369 تھی، جن میں 34,274 غیر ملکی شہری شامل تھے، یعنی تقریباً 23 فیصد آبادی۔ مراکشی شہریوں کی تعداد 7,062 جبکہ پاکستانی باشندوں کی تعداد 1,021 تھی۔
یعیدہ میں حالیہ مہینوں کے دوران چاقو زنی اور گروہی جھڑپوں کے دیگر واقعات بھی سامنے آچکے ہیں، جس کے باعث شہریوں میں سکیورٹی اور امن و امان کے حوالے سے تشویش بڑھ رہی ہے۔
