موبائل ورلڈ کانگریس 2025 کے پہلے دن کے موقع پر VTC کی ہڑتال کا اعلان

بارسلونا(دوست نیوز) موبائل ورلڈ کانگریس 2025 کے پہلے دن کے موقع پر VTC نے ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق VTC لائسنس یافتہ ڈرائیوروں کی سب سے بڑی ایسوسی ایشن، اُناوتو (Unauto)، نے پیر کے روز صبح 8 بجے سے دوپہر 12 بجے تک کام بند کرنے کی اپیل کی ہے۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ “یہ واضح ہو چکا ہے کہ جنرالیتات (کتالونیا کی حکومت)، ایلیٹ ٹیکسی (Élite Taxi) کے ساتھ ملی بھگت کر کے، کاتالونیا میں VTC کے شعبے کو ختم کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔”
ایسوسی ایشن کے مطابق، محکمہ ٹرانسپورٹ جو نئی قانون سازی تیار کر رہا ہے، یہ “VTC کی سرگرمیوں کو محدود کرنے اور ٹیکسی مافیا کو فائدہ پہنچانے کی چوتھی کوشش” ہے۔
Unauto نے اعلان کیا۔“اس بار ہم لڑیں گے، اور وہی طریقہ اپنائیں گے جو ہمیں ٹیکسی ڈرائیوروں نے سکھایا ہے۔ ہم موبائل ورلڈ کانگریس کے دوران ہڑتال کریں گے تاکہ حکومت، بلدیہ، GSMA، اور تمام شرکاء دیکھ سکیں کہ بارسلونا VTC کے بغیر کیسا ہوگا،”
Unauto نے شکایت کی ہے کہ نئی قانون سازی “VTC کی شہری سروسز پر پابندی عائد کرنے اور مارکیٹ پلیٹ فارمز کو ختم کرنے” کی کوشش ہے۔ اس سے قبل ہی، اس شعبے کو 15 منٹ کی پیشگی بکنگ جیسی شرائط کا سامنا تھا۔
اس کے علاوہ، ایسوسی ایشن کا دعویٰ ہے کہ یہ ضوابط “VTC سیکٹر کو نظرانداز کر کے” تیار کیے جا رہے ہیں۔
Unauto نے 11 مارچ کو VTC ڈرائیوروں کی ایک بڑی احتجاجی ریلی کا بھی اعلان کیا ہے۔ VTC کا یہ شعبہ اوبر (Uber)، کیبفائی (Cabify)، اور بولٹ (Bolt) جیسی کمپنیوں پر مشتمل ہے۔
VTC ہڑتال کے اعلان کے بعد، ایلیتے بارسلونا (Élite Barcelona) یونین نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ “ٹیکسی سروس MWC کے دوران مکمل طور پر فعال رہے گی۔”
یونین کے ترجمان، تیتو الواریز (Tito Álvarez) نے ایک بیان میں کہا کہ “ہم اپنی پوری 10,521 گاڑیوں پر مشتمل فلیٹ کو متحرک کریں گے تاکہ کانگریس کے شرکاء کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔”