رامبلہ راوال غیر محفوظ محلہ ہے،ووکس کی جانب سے پمفلٹ تقسیم

بارسلونا(دوست نیوز)بدھ کے دوپہر، تقریباً بیس افراد نے “راوال اینٹی فاشسٹ” کے بینر کے پیچھے جمع ہو کر ووکس کے ایک ایونٹ کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی۔ تاہم، موسوس دی اسکوادرا (کاتالونیا کی پولیس) کی ایک ٹیم نے مظاہرین اور ووکس کے حامیوں کے درمیان حفاظتی لائن بنا دی، جس کے باعث ایونٹ متاثر نہ ہو سکا۔
ووکس نے خاص طور پر رامبلہ راوال میں پمفلٹ تقسیم کرنے کا اہتمام کیا، جس میں امیگریشن کو علاقے میں عدم تحفظ سے جوڑا گیا تھا۔ تقسیم کیے گئے پمفلٹس میں ہسپانوی زبان میں لکھا تھا: “اس علاقے میں احتیاط برتیں! پی پی اور پی ایس او ای یہاں غیر قانونی افراد آباد کر رہے ہیں”۔
“راوال میں عدم تحفظ کا راج ہے”
اس ایونٹ میں بارسلونا سٹی کونسل کے ووکس کے دو کونسلرز نے شرکت کی۔ ووکس کے رہنما گونزالو دے اورو نے دعویٰ کیا کہ “راوال ایک ایسا محلہ ہے جہاں عدم تحفظ کا راج ہے، روزانہ چوری ہوتی ہے، منشیات کے مسائل ہیں، اور جنسی حملے بھی عام ہیں”۔
گونزالو دے اورو، جو کاتالونیا کی پارلیمنٹ کے رکن سیرجیو ماسیاں کے ہمراہ تھے، نے جاؤمے کولبونی کی حکومت پر الزام لگایا کہ اس نے “محلے کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا ہے”۔
بدھ کے روز ہونے والا یہ ایونٹ ووکس کی مہم “تمہاری سیکیورٹی ہماری ترجیح ہے” کا حصہ تھا، جسے جماعت مختلف علاقوں میں متعارف کروا رہی ہے۔