بارسلونا: قونصل خانۂ پاکستان بارسلونا کے زیرِ اہتمام جشنِ آزادی اور سال قائد اعظم کے موقع پر معروف شاعر ڈاکٹر نثار ترابی کے اعزاز میں ’’ایک شام ڈاکٹر نثار ترابی کے نام‘‘ کے عنوان سے ایک شاندار محفلِ مشاعرہ منعقد ہوئی۔ محفل کی صدارت اسپین میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظہور احمد نے کی، جبکہ تقریب قونصل جنرل پاکستان بارسلونا مراد علی وزیر کی زیرِ نگرانی منعقد ہوئی۔

بارسلونا میں منعقد ہونے والی اس ادبی شام میں اردو زبان و ادب، شعر و سخن اور پاکستانی ثقافت کے خوب صورت رنگ نمایاں رہے۔ پاکستان، مانچسٹر اور اسپین سے تعلق رکھنے والے ممتاز شعراء نے اپنے کلام سے حاضرین کے دل موہ لیے۔

ڈاکٹر نثار ترابی مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے محفل میں شریک ہوئے اور اپنے منتخب کلام سے حاضرین سے بھرپور داد وصول کی۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز طارق محمود اعوان نے تلاوتِ قرآنِ پاک سے کیا، جس کے بعد صدارتی ایوارڈ برائے حسنِ کارکردگی کے حامل قدیر احمد خان نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں نعتیہ ہدیۂ عقیدت پیش کیا۔

مشاعرے میں خصوصی طور پر مانچسٹر سے تشریف لانے والے مہمان شعراء طاہر حفیظ اور صابر رضا نے اپنا منتخب کلام پیش کیا۔ اسپین سے اشفاق احمد، ارشد نذیر ساحل، نیر اقبال نجمی اور محترمہ صباحت جاوید نے اردو اور پنجابی زبان میں اپنی شاعری پیش کی۔ سنجیدہ، رومانوی اور مزاحیہ شاعری پر شرکاء نے بھرپور داد دی۔

تقریب کی نقابت کے فرائض کنزہ زاہد نے انجام دیے۔
سفیرِ پاکستان ڈاکٹر ظہور احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کا شعر و ادب کے ساتھ ایک گہرا اور تاریخی تعلق ہے، کیونکہ ہمارے پیارے وطن کا قیام بھی ایک شاعر کے خواب کے نتیجے میں عمل میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی ادبی محافل بیرونِ ملک اردو زبان و ادب کے فروغ، نئی نسل کو اپنی تہذیب و ثقافت سے جوڑنے اور پاکستان کے مثبت ثقافتی تشخص کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

بارسلونا کی یہ ادبی شام شعر و سخن، نعتیہ عقیدت، پاکستانی ثقافت اور حاضرین کی بھرپور شرکت کے ساتھ خوب صورت یادیں چھوڑتے ہوئے اختتام پذیر ہوئی۔

قونصلیٹ جنرل آف پاکستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسی مزید ادبی محافل کا انعقاد کیا جاتا رہے گا تاکہ ہم اپنے آنے والی نسلوں کو پاکستان کے ساتھ جوڑے رکھیں –
