Screenshot
بارسلونا کی مشہور لا بوکیریا مارکیٹ میں 12 ملین یورو کی سرمایہ کاری سے اصلاحات کا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد مارکیٹ کو دوبارہ مقامی شہریوں کے لیے روایتی مارکیٹ کی شکل میں لانا ہے۔
بارسلونا کی نائب میئر راکیل گل کے مطابق بڑی تعداد میں سیاحوں کی آمد کے باعث مارکیٹ کے کئی دکانداروں نے تازہ پھل، سبزیاں، مچھلی اور گوشت کے بجائے ایسے تیار شدہ کھانے فروخت کرنا شروع کر دیے تھے جنہیں خریدار وہیں کھا سکتے ہیں۔
نئے ضابطے کے تحت ہر اسٹال پر زیادہ سے زیادہ 60 فیصد تیار شدہ مصنوعات فروخت کی جا سکیں گی، جبکہ کم از کم 40 فیصد حصہ روایتی مقامی مصنوعات پر مشتمل ہونا ضروری ہوگا۔ اس وقت پوری مارکیٹ میں تقریباً 53 فیصد مصنوعات تیار شدہ جبکہ 47 فیصد روایتی ہیں۔
نئے ضابطے کی منظوری رواں سال کے آخر یا 2027 کے آغاز میں بلدیاتی اجلاس میں متوقع ہے۔
اس کے علاوہ موسم خزاں میں مارکیٹ کی پہلی منزل پر نئے عوامی بیت الخلاء کی تعمیر شروع ہوگی اور لاجسٹکس کے علاقے میں روشنی کا نظام بہتر بنایا جائے گا۔ مرکزی مچھلی مارکیٹ کی اصلاح کا منصوبہ بھی شروع ہوگا۔
2027 کے آخر میں مارکیٹ کی چھت تبدیل کرنے، عمارت کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور سہولیات کو موجودہ ضوابط کے مطابق کرنے کا آخری مرحلہ شروع ہوگا۔ مرکزی راستہ بھی تعمیر کیا جائے گا۔
اس منصوبے کے لیے تین اسٹال بلاکس ختم کیے جائیں گے۔ دو بلاکس مارکیٹ کو وسعت دینے کے لیے جبکہ ایک بلاک 10 اسٹالز کے ساتھ نئے بیت الخلاء کی تعمیر کے لیے استعمال ہوگا۔
Plaça de la Gardunya کی جانب مارکیٹ کے مرکزی حصے کی تزئین و آرائش بھی کی جائے گی تاکہ آس پاس کے رہائشیوں کے ساتھ بہتر رابطہ قائم ہو سکے اور مارکیٹ کے لیے ایک نیا داخلی راستہ بنایا جا سکے۔
حکام کے مطابق تعمیراتی کام مرحلہ وار اور سست رفتاری سے ہوگا تاکہ دکانداروں کو ایک ساتھ منتقل نہ کرنا پڑے اور مارکیٹ بند کیے بغیر کاروبار جاری رکھا جا سکے۔
