Screenshot
بارسلونا: اسپین کے سرکاری روزگار ادارے SEPE کا بے روزگار افراد کو دوبارہ ملازمت حاصل کرنے کی ترغیب دینے والا نیا پروگرام ابتدائی نتائج کے مطابق کامیاب ثابت ہوا ہے۔ پروگرام کے تحت نئی ملازمت اختیار کرنے والے افراد کو کچھ عرصے تک اپنی سابقہ بے روزگاری کی contributory امداد کے ایک حصے کے ساتھ نئی ملازمت کی تنخواہ حاصل کرنے کی اجازت دی جاتی ہے۔
وزارتِ محنت کی جانب سے نافذ کی گئی اس اصلاح کا مقصد بے روزگار افراد کو دوبارہ روزگار کی مارکیٹ میں شامل کرنا اور نئی ملازمت قبول کرنے کے مالی خدشات کو کم کرنا ہے۔ پہلے سال کے اعداد و شمار کے مطابق، نئی ملازمت حاصل کرکے اس مالی سہولت سے فائدہ اٹھانے والے ہر چار میں سے تین افراد نے امداد ختم ہونے کے بعد بھی اپنی ملازمت برقرار رکھی، جبکہ تقریباً 25 فیصد افراد دوبارہ بے روزگار ہوگئے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 20 ہزار افراد نے اب تک Complemento de Apoyo al Empleo (CAE) سے فائدہ اٹھایا ہے اور ان میں سے 75 فیصد سے زیادہ افراد اس وقت ملازمت کر رہے ہیں۔
اس پروگرام کے تحت ملنے والی اضافی مالی امداد 90 سے 480 یورو تک ہوسکتی ہے۔ رقم کا تعین سابقہ سوشل سکیورٹی کنٹری بیوشن، نئی ملازمت کے اوقات اور امداد حاصل کرنے کی مدت کے مطابق کیا جاتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا ایک اہم مقصد ’غربت کے جال‘ کو توڑنا ہے۔ بعض بے روزگار افراد سرکاری امداد ختم ہونے کے خوف سے نئی ملازمت قبول کرنے سے گریز کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں وہ طویل عرصے تک امدادی نظام پر منحصر رہتے ہیں۔
اسپین میں اس وقت تقریباً 25 لاکھ افراد SEPE میں بے روزگار کے طور پر رجسٹرڈ ہیں۔ یورپی یونین میں اسپین کی بے روزگاری کی شرح فن لینڈ کے بعد دوسری بلند ترین ہے۔
اس مالی سہولت سے فائدہ اٹھانے کی اوسط مدت 57 دن ہے، جبکہ قانون کے تحت زیادہ سے زیادہ مدت 180 دن مقرر کی گئی ہے۔ وزارتِ محنت کے مطابق ابتدائی نتائج حوصلہ افزا ہیں اور یہ پروگرام لوگوں کو مستقل روزگار حاصل کرنے میں مدد دے رہا ہے۔
