پاکستان میں فیملی کاغذات جمع کروانے اور کمیونٹی کے دیگر مسائل کے حل کے لیے پاک فیڈریشن کے عملی اقدامات

بارسلونا(پ ر)پاک فیڈریشن اسپین کے سیکرٹری جنرل بیریسٹر عدیل خان یوسفزئی نے سپریم کونسل کی طرف سے سونپے گئے فرائض کے آخری مرحلے میں اسلام آباد میں ہسپانوی سفیر جناب José Antonio de Ory Peral اور سفارتی عملے سے بالترتیب 12 مئی 2025 اور 20 مئی 2025 کو باضابطہ ملاقات کی اور اسپین میں مقیم پاکستانی کیمیونیٹی اور پاکستان سے اسپین جانے کے خواہشمند افراد کو درپیش مسائل پر تفصیلی بات چیت کی اور مسائل کی تحریری لسٹ پیش کی گئی جس پر محترم سفیر نے مسائل کے حل کی بھرپور یقین دہانی کرائی اور اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ کیمیونیٹی مسائل جن پر بات چیت ہوئی درج ذیل ہیں۔

1. ویزا اپائنٹمنٹ سسٹم میں کرپشن اور غیر شفافیت: غیر قانونی ایجنٹس 5 سے 8 لاکھ روپے تک کاغذات جمع کروانے کے لیے وصول کر رہے ہیں۔ مطالبہ ہے کہ نظام کی آزادانہ انکوائری کی جائے، تصدیق شدہ درخواست دہندگان کے لیے محفوظ طریقہ کار متعارف کروایا جائے اور کرپشن کی شکایات درج کرانے کا باضابطہ پلیٹ فارم بنایا جائے۔
2. فیملی ری یونین اور وزٹ ویزا میں بلاوجہ تاخیر و ردعمل: بے جا تاخیر اور غیر منصفانہ ریجیکشن کی وجہ سے خاندان الگ ہو رہے ہیں اس لیے ہمارا مطالبہ ہے کہ شفاف اور تیز تر فیصلے یقینی بنائے جائیں۔
3. اسپینش زبان کے کورسز کے لیے طالبعلم ویزا کا غیر منصفانہ انکار: کئی مکمل اور مستند درخواستیں بغیر انفرادی جائزے کے رد کی جا رہی ہیں، جبکہ دیگر ممالک ان طالبعلموں سے تعلیمی اور معاشی فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
4. ویزا پراسیس میں غیر ضروری تاخیر:
بعض اوقات ویزا کے عمل میں 6 ماہ سے 1 سال تک کا وقت لیا جا رہا ہے ۔ اس لیے مدت کا تعین اور ایک آن لائن ٹریکنگ سسٹم متعارف کروایا جائے۔
5. اسپین میں مقیم پاکستانیوں کے ساتھ سفارت خانے کی کمزور رابطہ کاری: سفارت خانے کی طرف سے ای میلز کے جوابات نہیں دیے جا رہے اور کوئی باضابطہ رابطہ افسر بھی موجود نہیں۔ اس مسئلے کے حل کے لیے ایک فوکل پرسن (ای میل اور واٹس ایپ کے ساتھ) مقرر کیا جائے۔
6. ڈوئل نیشنلٹی کے حصول کے لیے سفارتخانے کا کردار: اسپین میں 2 لاکھ سے زائد پاکستانی موجود ہیں، لیکن انہیں دوہری شہریت کا حق حاصل نہیں۔ اس سلسلے میں سفارت خانے کی طرف سے بھر پور مدد کرنے پہ اتفاق ہوا ہے۔
7. بلدیاتی انتخابات میں ووٹ کا حق: اسپین میں مقیم پاکستانیوں کو مقامی سیاسی عمل میں شامل ہونے کا حق دیا جائے۔ اس سلسلے میں بھی سفیر صاحب نے تعاون کی یقین دھانی کرائی ہے
8. باہمی تعاون اور سفارشات: قانونی لیبر مائیگریشن کے پروگرامز، پاکستان میں اسپینش زبان کے مراکز کی منظوری، اور سفارت خانے و کمیونٹی کے درمیان باقاعدہ مشاورتی اجلاسوں کا قیام۔
بیریسٹر عدیل خان یوسفزئی نے پاک فیڈریشن کا موقف واضع کرتے ہوئے کہ:”ہم چاہتے ہیں کہ اسپین میں پاکستانی کمیونٹی کو باعزت زندگی اور مساوی مواقع فراہم ہوں۔ اس کے لیے سفارت خانے کا تعمیری اور شفاف کردار نہایت ضروری ہے۔”
یاد رہیے کہ اسلام آباد ہونے والی درج بالا میٹنگز سے پہلے پاک فیڈریشن کے سپیکر چوہدری ایاز مٹھانہ چک کی صدارت میں سپریم کونسل کے بارسلونا میں تین اجلاس منعقد ہوئے (دو اجلاس ان لائی اور ایک آف لائن) جس میں فیڈریشن کے ممبران نے بھر پور شرکت کی اور ہسپانوی سفارت خانے کے سامنے رکھے جانے والے مسائل کی نشاندہی کی اور حل کے لیے ایکٹو ممبران نے اپنی تجاویز پیش کیں جنھیں قانونی اور حتمی شکل دے کر ہسپانوی سفارت خانے کو پیش کی گئیں۔
پاک فیڈریشن کے صدر چوہدری عبدالغفار مرہانا، اسلام جانے والے وفد کے سربراہ راجہ ساجد محمود، سابق صدر چوہدری ثاقب طاہر اور دیگر سینیر ممبران نے اس میٹنگ کو اس حوالے سے بہت ہی خوش آئند قرار دیا ہے کہ ہسپانوی سفیر نے پاک فیڈریشن کی طرف سے پیش کردہ کیمیونیٹی مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی ہے اور ایگزیٹو ممبران نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ اس کا فالو اپ جاری رکھا جائے گا اور انھیں جلد از جلد حل کیا جائے گا۔
مظہر حسین راجہ
سیکرٹری انفارمیشن پاک فیڈریشن سپین
21 مئی 2025
بشکریہ فوٹو ہسپانوی سفارت خانہ اسلام آباد۔