بارسلونا ( پ ر) پاکستان تحریک انصاف اسپین کے زیرِ اہتمام خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کے خلاف ایک احتجاجی و مذمتی اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت صدر پی ٹی آئی اسپین محمد شہباز ملک نے کی، جبکہ سیکریٹری او آئی سی پی ٹی آئی اوورسیز سجاد برکی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں پارٹی کے مرکزی عہدیداران، کاتالونیا ریجن کی قیادت، خواتین عہدیداران، کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اجلاس کی نظامت سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی اسپین عبدالصبور چوہدری نے کی۔ تقریب کا آغاز حافظ عمر کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ نذرینہ بٹ نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی دو تہائی سے منتخب ہونے والی پاکستان کی واحد فارم 45 کی حکومت کو ختم کر کے گورنر راج کے نفاذ کی شدید مذمت کی اور اسے جمہوری اقدار، آئینی اصولوں اور عوامی مینڈیٹ کے تناظر میں ایک سنگین معاملہ قرار دیا۔ مقررین نے زور دیا کہ پاکستان میں جمہوریت کی مضبوطی، آئین کی بالادستی، عوام کے منتخب نمائندوں کے احترام اور سیاسی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔

مقررین نے کہا کہ پاکستان کے سیاسی مسائل کا حل جمہوری عمل، آئین کی پاسداری اور عوامی رائے کے احترام میں ہے۔ کسی بھی ایسے اقدام سے گریز کیا جانا چاہیے جو سیاسی کشیدگی میں اضافے اور جمہوری نظام پر عوام کے اعتماد کو متاثر کرنے کا باعث بنے۔

اجلاس سے سیکریٹری او آئی سی پی ٹی آئی اوورسیز سجاد برکی، صدر پی ٹی آئی اسپین محمد شہباز ملک، نائلہ سجاد برکی، چیئرمین پی ٹی آئی اسپین سید ذوالقرنین شاہ، سابق صدر پی ٹی آئی اسپین شہزاد اصغر بھٹی، سیکریٹری وومن ونگ پی ٹی آئی اسپین ڈاکٹر ہما جمشید، صدر پی ٹی آئی کاتالونیا ریجن چوہدری عاطف ظہیر، نائب صدر پی ٹی آئی اسپین پروفیسر زوبیہ طاہر راجہ، کوآرڈینیٹر سوشل میڈیا یو کے رکشی سجاد اور نائب صدر پی ٹی آئی اسپین سید فخر عباس شاہ،پاکستانی کمیونٹی کی معروف سماجی شخصیت و کونسلر طایر رفیع ،سابق ایڈیشنل سیکریٹری جنرل سید فریاد حسین شاہ سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔

خواتین عہدیداران اور کارکنان کی بڑی تعداد کی شرکت اجلاس کا نمایاں پہلو رہی۔ شرکاء نے پارٹی کے ساتھ اپنی وابستگی، جمہوری جدوجہد اور پاکستان میں آئین و قانون کی بالادستی کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔
پی ٹی آئی اسپین کے عہدیداران نے سیکریٹری او آئی سجاد برکی اور انکی اہلیہ نائلہ سجاد برکی کا خاص طور پر اسپین آمد پر شکریہ ادا کیا اور انکی آمد اور اجلاس میں شرکت کو پارٹی کارکنان کے لئے ایک نیا حوصلہ قرار دیا-

اجلاس کے دوران شرکاء نے پُرجوش انداز میں ’’عمران خان زندہ باد‘‘ اور ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعرے لگائے، جس سے ہال کا ماحول نعروں سے گونج اٹھا۔
اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف اسپین عمران خان کے وژن،تحریک انصاف کے نظریے،جمہوریت، آئین کی بالادستی، عوامی حقوق اور حقیقی جمہوری نظام کے قیام کے لیے اپنی پُرامن سیاسی و جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔

